احمد آباد: گجرات انتخابات کے لیے کانگریس نے اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت سمیت کئی لیڈر اس دوران احمد آباد میں موجود تھے۔ منشور میں پارٹی نے 10 لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ساتھ ہی کسانوں کی قرض معافی اور 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔گجرات کے انتخابی منشور جاری کرتے وقت ریاست کے انچارج اور راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، حکومت بنتے ہی کابینہ کے پہلے اجلاس میں اس منشور پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس ہمیشہ منشور کو اہمیت دیتی ہے۔اشوک گہلوت نے کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی سخت ہدایات تھیں کہ منشور کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جو وعدے کئے ہیں انہیں ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ گہلوت نے کہا کہ انہوں نے 6 لاکھ لوگوں سے مشاورت کے بعد منشور تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور گجرات میں صرف کانگریس کی حکومت بنے گی۔خیال رہے کہ گجرات میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے اور ووٹنگ یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی، جبکہ نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔ گجرات میں اس دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ گجرات میں اہم طور پر عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس انتخابی میدان میں زور آزمائی کر رہی ہیں۔وہیں دوسری جانب بی جے پی نے بھی پوری دم خم لگا دیا ہے وزیر مودی سے لیکر بی جے پی تمام لیڈران گجرات میں قیام پذیر ہیں ۔
