مولانا ابوالکلام آزاد ؒہندو مسلم اتحاد کے علمبردار تھے: ایم ایل سی ڈاکٹراجے کمار سنگھ

سہرسہ،(لطف الرحمن صمدانی علیگ)
مشہور مجاہد آزادی، بیباک صحافی و خطیب، ہندوستان کے پہلے وزیرتعلیم، بھارت رتن، امام الہند مولاناابوالکلام آزاد ؒ کی یوم ولادت کے موقع پر ضلع کے مشہور تعلیمی ادارہ وژن انٹرنیشل اسکول چکمکہ میں پورے جوش وخروش کے ساتھ قومی یوم تعلیم منایا گیا۔ تقریب میں اسکول کے بچوں نے مولانا آزاد کی حیات و خدمات اور ان کے روشن کارناموں پرپروگرام بھی پیش کئے جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کوسی کمشنری کے مشہور سیاسی رہنماء ڈاکٹراجے کمار سنگھ رکن بہارقانون ساز کونسل (سہرسہ، سوپول و مدھے پورہ) نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ مولانا آزاد کے بغیر نامکمل ہے وہ اس ملک کے نامور سیاسی و مذہبی رہنماء تھے جنہوں نے تقسیم ہند کے موقع پر ہندوستان کی خوبصورتی کو بچاکر رکھا اور وہ مسلمانوں کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے کہ یہ تمہارا ملک ہے اور اسی میں رہو۔ اجے کمارسنگھ نے کہاکہ مولانا آزاد ہندومسلم اتحاد کے علمبردار تھے، ان کی مثالی شخصیت اور عظیم خدمات کے سبھی معترف ہیں، انہوں نے ہندو ستان کے پہلے وزیر تعلیم ہونے کے ناطے اس ملک کے تعلیمی نظام کو عالمی شناخت اور پہچان دی۔ایم ایل سی موصوف نے وژن انٹرنیشنل اسکول میں یوم تعلیم منانے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے اس قدم کو سراہا اور کہاکہ اس وقت ہمارے ملک کو مولاناآزاد جیسی شخصیت کی سخت ضرورت ہے، ان کی خدمات سے نئی نسل کو واقف کرانا اپنے آپ میں ایک مثالی کام ہے۔
وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی نے اپنی تقریر میں کہاکہ مولانا آزاد مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے اس کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئے، مولانا ابوالکلام آزاد ؒایک معتبر عالم دین، مفسر قرآن، ادیب، صحافی، خطیب و دانشوراور ایک کامیاب سیاست داں کے ساتھ دور اندیش شخصیت کے مالک تھے، انہیں ملک کا اولین وزیرتعلیم بنایا گیا، گیارہ سال تک اس اہم عہدے پر فائز رہے اس درمیان انہوں نے تعلیم کے میدان میں بے شمار کارنامہ انجام دئے یہی وجہ ہے کہ ان کی پیدائش کے دن کو ہر سال سرکاری سطح پر قومی یوم تعلیم کے طورپر منایا جاتا ہے۔شاہنواز بدر نے کہاکہ مولانا آزاد ہمارے لئے ایک آئیڈیل شخصیت ہیں، ان کی زندگی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو مولاناآزاد واقف کرایا جائے اور ان کے مشن اور وژن کے بارے میں بتایا جائے۔ اس موقع پر مہمان محترم کے ہاتھوں ششماہی امتحانات اور مولانا آزاد پر منعقد مسابقہ صحافت میں کامیاب ہوئے وژن انٹرنیشنل اسکول کے تمام طلباء وطالبات کو خصوصی انعامات، شیلڈاور سرٹیفیکٹ سے نواز اگیا۔ ان کے علاوہ جمعیت علماء ضلع سہرسہ کے سکریٹری مفتی عبدالغنی مفتاحی، مولانااشرف علی، حافظ محمد احباب سمیت دیگر حضرات نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کو کامیاب بنانے میں اسکول کے ڈائریکٹر نعیم صدیقی، پرنسپل عفان قاسمی، قاری شمیم نعمانی، جنید کوثرسر، نورفاطمہ، تاجور سلطانہ، شازیہ قاسمی، یسری ،مقاسمہ میم، کیف سر،محمدمجیب عالم کا اہم کردا ر رہا۔اس موقع پر چکمکہ جامع مسجد کے امام مولانا عادل حسین ندوی، ماسٹر محمد بدرالدین، وارڈ ممبرمرغوب عالم، تبلیغی جماعت کے مقامی ذمہ دار ڈاکٹر
سرفراز، قاری اخترسیٹن آباد،ماسٹر عبدالوحید، ماسٹر صبا کریم،ڈاکٹر محمودالحسن، عالمہ خوشناز جوہرموہن پور سمیت بڑی تعداد میں گارجین اور اسکول کے بچے و کارکنان موجود رہے

 

About awazebihar

Check Also

علم کے ساتھ عمل کی بھی ضرورت ہے:مفتی شمیم صاحب قاسمی

اللہ کا کرم ہے کہ جامعہ مدنیہ سبل پو،پٹنہ میں ظاہری اور باطنی ہرطرح کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *