انگلینڈ ٹی 20 کرکٹ عالمی کپ کا فاتح، پاکستان کو فائنل میں پانچ وکٹ سے شکست

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ٹی 20 عالمی کپ کی نئی فاتح بن گئی ہے اور اس نے اتوار کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کوپہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی اور اس نے مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر137 رنز بنائے تھے۔پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی اور کم مجموعی اسکور کے باوجود باؤلروں نے عمدہ باؤلنگ کی اور ایک موقع پرانھوں نے میچ پھنسا لیا تھا۔لیکن اس فائنل میچ میں قسمت نے یاوری نہیں کی پاکستان کے اسٹارفاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کوتیرھویں اوور میں ایک کیچ لینے کی کوشش کے دوران میں بے وقت چوٹ لگ گئی اورپھرانھیں سولھواں اوورادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر جاناپڑا۔ان کی جگہ پاکستان کے کپتان بابراعظم نے جزوقتی باؤلرافتخاراحمد کو گیند دی۔بائیں بازو کے تیز گیند بازشاہین آفریدی کو میدان سے نکلتے ہوئے دیکھ کر پاکستانی ٹیم کو مایوسی ہوئی کیونکہ ان کے متبادل افتخاراحمد کو برطانوی بلے باز بین اسٹوکس نے اسی اوور میں ایک زوردار چوکا اور چھکا لگادیا۔انھوں نے میچ کے اختتام تک اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے49 گیندوں پر 52 رنز بنائے تھے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی قیادت میں پاکستان کے تیزگیند بازوں نے دفاع کے لیے صرف 137 رنزکے باوجودعمدہ باؤلنگ کی بدولت اپنی ٹیم کو کچھ امید دلا دی تھی۔شاہین آفریدی ابتدائی اوورہی میں برطانوی اوپنرالیکس ہیلزکوآؤٹ کردیا لیکن وہ ہیری بروک کا کیچ لینے کی کوشش میں زخمی ہوگئے تھے جس سے میچ کا پانسا پلٹ گیا۔برطانوی باؤلر سیم کرن نے صرف 12 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔بارش کی پیشین گوئی کے ساتھ ، انگلینڈ نے نظم و ضبط اور کفایتی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2009ء میں ٹی 20 عالمی کپ کی چیمپیئن ٹیم کو کوئی بڑا اسکورکرنے سے روک دیا اور صرف شان مسعود 38 رنز کے ساتھ نمایاں اسکور کرنے والے تھے۔فائنل میچ میں برطانوی عادل رشید کی لیگ اسپن بھی اہم ثابت ہوئی ہے،انھوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر خطرناک محمد حارث کو آؤٹ کیا اور پھر کپتان بابراعظم کی اہم وکٹ حاصل کی۔انھوں نے 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔بابراعظم 32 رنزبناکرآؤٹ ہوئے تھے لیکن دوسرے اسٹار بلے بازمحمد رضوان اس میچ میں زیادہ اسکور نہیں کرسکے اور وہ صرف 15 رنز بناکر پویلین کو لوٹ گئے۔شاداب خان 20، محمد نواز پانچ ،افتخاراحمد صفر اورمحمد وسیم چار رنزپرآؤٹ ہوئے۔
جوس بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ نے ٹی 20 کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔وہ 2019 میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور وہ اب ٹی 20 کا بھی عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔وہ چھے اوورز کے پاورپلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 39 رنز بنانے میں کامیاب رہا تھا۔پاورپلے میں 30 گز کے دائرے سے باہر صرف دو فیلڈرزکی اجازت ہے۔برطانیہ نے میچ جیتنے کے لیے درکارہدف 138 رنزانیسویں اوور میں پوراکرلیا تھااور اس کے صرف پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔برطانیہ کے سام کرن کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔وہ اپنی بہترین باؤلنگ کی بدولت اس ٹورنا منٹ کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

 

About awazebihar

Check Also

دیو کانت ناناوتی جی نے نہ صرف جوناگڑھ کے لوگوں کے لیے بلکہ پورے گجرات کے لیے عوامی فلاح کے کام کئے : امت شاہ

جونا گڑھ (گجرات )، 2 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *