خواجہ نظام الدین اولیابر صغیر میں اسلام کی انسان دوستی کے سب سے بڑے پیامبر: منعمی

پٹنہ،14؍نومبر(پریس ریلیز)اسلام نے رحم ومہربانی،خوش خلقی اور شیریں بیانی،بلند کرداری اور انسان دوستی کا جو سبق پڑھایا ہے،اس نے سب کا دل جیت لیا۔اس بر صغیر میں اسلام کی انسان دوستی کے سب سے بڑے پیامبر خواجہ نظام الدین اولیا محبوب الٰہی، (م 725ھ) ہیں۔جنہوںنے اپنی پوری زندگی خدمت خلق اور عبادت وحدہٗ لاشریک میں گذار دی ۔جامعہ منعمیہ کے طلباء، اساتذہ وحاضرین کے ایک بڑے مجمع کو خطا ب کرتے ہوئے سرپرست جامعہ حضرت سید شاہ شمیم الدین احمد صاحب منعمی،سجادہ نشیں، خانقاہ منعمیہ، میتن گھاٹ، پٹنہ سیٹی نے فرمایاکہ ان کی شخصیت اور خدمات سماج کے ہر طبقے کے لئے مثالی نمونہ ہے۔محبوب الٰہی فقروفاقہ کے باوجود کامیاب ترین طالب علم بن کر چمکے۔وہ ایک کامیاب،مثالی مرید بنے اور مقبول ترین شیخ زمانہ ثابت ہوئے۔انہوں نے خلق اللہ کو اپنا کنبہ بنایا اور کسی چیز کو ذاتی اور اپنا بنانے کے بجائے خود کو بھی دوسروں کے لئے وقف کردیا۔خسروؔ،حسنؔ علاسجزی، ضیاءؔ برنی آپ ہی کے پروردہ اور تربیت یافتہ تھے۔فخرالدین زرادی،مولانا شمس الدین یحییٰ،نصیر الدین محمود چراغ دہلوی جیسے عظیم علماء وصوفیہ آپ کی صحبت میں بے مثال ہوئے تھے۔دکن میں شیخ برہان الدین غریب بنگال میں شیخ اخی سراج، آپ کے نامور خلفاء تھے۔بہار میں شیخ نظام الدین مولیٰ بھی آپ کے خلیفہ تھے۔سلسلہ چشتیہ کو مقبول ترین سلسلۂ طریقت بنانے میں آپ کا رول کلیدی اور مثالی ہے۔آج بھی آپ کا آستانہ بفضلہ تعالیٰ دکھی دلوں کے لئے راحت بخشنے والا،بے سہاروں کو پناہ بخشنے والاہے۔آپ کے روضہ پر حاضر ہو کر اعمال صالحہ اور خدمت خلق کے نتیجے میں اللہ کے راضی ہوجانے پر یقین کامل ہوجاتاہے۔ قرآن وحدیث پر سنجیدہ غوروخوض کے ساتھ ساتھ ،مختلف علوم وفنون، زبانوں اور بولیوں کو آپ کی خانقاہ میں بالغ ہونے کا موقعہ ملا۔ موسیقی آپ کی خانقاہ میں اسلام لائی تو فارسی شاعری آپ کے دست حق پرست پر مرید ہوگئی۔خانقاہ منعمیہ میں آپ کا فیضان متعدد واسطوں سے پہنچا ہے، اور یہاں کا کتب خانہ آپ کے ملفوظات فوائد الفواد ،افضل الفوائداور خدمات پر سیر الاولیا،قوام العقائدوغیرہ گراں قدر مواد سے پر ہے۔ محبوب الٰہی کے خلیفہ سید نجم الدین غوث الدہر اور ان کے خلیفہ شیخ قطب الدین بینائے دل جو نپوری کے واسطے چشتیہ منعمیہ بے حد فیضان رسا ہے۔ شیخ نور قطب عالم پنڈوی کے دونوں خلیفہ حضرت شیخ حسام الدین مانک پوری اور شیخ فریدالدین طویلہ بخش کا فیض بے پایاں خانقاہ منعمیہ سے رواں ہے۔ عرس کا آغاز فرحان عالم متعلم جامعہ منعمیہ تلاوت کلام پاک سے ہوا،محمد سلامت رضا،محمد ارشد رضا،محمد ناہد رضا،فردین رضا، معراج عالم ،محمد سہیل رضا، محمد سہجاب عالم نے نعتیں اور منقبتیں پیش کیں۔حضور صاحب سجادہ کے خطاب کے بعد صلوۃ وسلام و قل ودعاولنگر پریہ نورانی انعقاد اختتام کو پہنچا۔

 

About awazebihar

Check Also

کلاس کے ساتھیوں نے پیٹ پیٹ کر نویں کلاس کے طلبہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا

ندیم اشرف حاجی پور:ضلع ویشالی کے بدو پور تھانہ کے شیتل پور ککرہاٹا گاؤں میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *