پٹنہ، 15 نومبر ( اے بی این ایس )وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں، 1 انے مارگ واقع سنکلپ میں بہار’وکاس مشن‘ کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر وویک کمار سنگھ نے پرزنٹیشن کے ذریعہ بہار وکاس مشن کی اسکیموں سے متعلقہ اہلکاروں کی معروضی جانچ کے لئے تیار کردہ نظام کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
میٹنگ میں ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ جاتی اسکیموں کے اہداف اورحصولیابیوں کا صحیح تجزیہ کرنے کے بعد کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ جن اسکیموں کی منظوری دی گئی ہے ان کو بہتر اور تیز رفتاری سے نافذکریں۔ اگر کاموں کے بہتر نفاذ کے لیے مزید افراد کی ضرورت ہو تو ضرورت کے مطابق ان کا تقرر کریں۔جن انفراسٹرکچر کی تعمیر ہوچکی ہے یا ہورہی ہے اس کے مینٹیننس پر خصوصی توجہ دیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب وہ حکومت میں آئے تھے تو ریاست کا بجٹ 24 ہزار کروڑ روپے تھا جو اب بڑھ کر 2 لاکھ کروڑ روپے سے اوپر ہو گیا ہے۔ ریاست میں ترقی کے کئی کام ہوئے ہیں۔ ریاست میں لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے، کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست نے اپنے طور پر تمام شعبوں میں ترقی کی ہے۔میٹنگ میں وزیراعلی کے مشیر جناب انجنی کمار سنگھ،وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار،وزیراعلی کے ایڈیشنل مشیر مسٹر منیش کمار ورما، چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی ،ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر وویک کمار سنگھ، وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری اور محکمہ فائننس کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
