پٹنہ(پریس ریلیز)منگل کو آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صوبائی دفتر پٹنہ میں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدروصوبہ بہار کی مشہور و معروف شخصیت، حق گوئی اور مظلوموں کی بے باک آوازنظرعالم نے باضابطہ مجلس پارٹی کی رکنیت اختیار کرلی ہے۔نظرعالم نے بہار ریاستی صدروامور کے ایم ایل اے اخترالایمان، مجلس کے یوتھ صدرایڈوکیٹ عادل حسن اور ریاستی جنرل سکریٹری انجینئرآفتاب عالم کی موجودگی میں آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کا دامن تھام لیا ہے۔یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ اب بہار میں سیاسی کھیلا شروع ہوچکا ہے اور مجلس پارٹی سیمانچل سے نکل کر متھلانچل کی طرف اپنا قدم بڑھاچکی ہے۔ پارٹی کے ذمہ داروں کا صاف کہنا ہے کہ اب مجلس اتحادالمسلمین پورے بہار میں پارٹی کو مضبوط کرے گی اور انتخاب لڑے گی۔ اس موقع پر ریاستی صدراخترالایمان نے نظرعالم کا پرجوش استقبال کیا اورکہا کہ یقینا اب ہماری پارٹی پوری مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ہم پورے بہار میں اپنی پارٹی سے لوگوں کو جوڑیں گے اور غریب، مظلوموں، دبے کچلے طبقے کے ساتھ ہورہی ناانصافی کے لئے حکومت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ وہیں جنرل سکریٹری انجینئرآفتاب عالم اور یوتھ صدر ایڈوکیٹ عادل حسن نے بھی نظرعالم کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند بتاتے ہوئے اُن کا پھول مالا سے استقبال کیا اور کہا ہے کہ نظرعالم وہ نام ہے جو محتاج تعارف نہیں ہیں۔ نظرعالم متھلانچل سمیت ملک بھر میں ایک مشہور و معروف سماجی کارکن کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ ہمیشہ دبے کچلے، مظلوموں اور غریبوں کے ساتھ ساتھ اقلیتی طبقہ کے مسائل پر بے باکی سے بولتے ہیں اور کام کرتے ہیں۔ ان کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی کو متھلانچل میں بھی مضبوطی ملے گی اور بہار میں بھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری پارٹی نے سیمانچل سے نکل کر سارن کمشنری کے گوپال گنج اسمبلی ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار اتار اور بہتر رزلٹ دیکھنے کو ملا۔ اب ہماری پارٹی مظفرپور کے کڑھنی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں بھی اپنا امیدوار اتار رہی ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات کے لوگ بھی مجلس اتحادالمسلمین کے ساتھ بڑی تیزی سے جڑ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نام نہاد سیکولرپارٹیوں کی نیندیں اُڑ چکی ہیں۔ رکنیت اختیار کرنے کے بعد نظرعالم نے سب سے پہلے مجلس پارٹی کے قومی صدربیرسٹراسدالدین اویسی، اکبرالدین اویسی، ماجدحسین،اخترالایمان، انجینئرآفتاب عالم،عادل حسن سمیت پارٹی کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی یہ واحد پارٹی ہے جو اقلیتی طبقہ کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات کے لئے کھل کر بولتی ہے اور حق حقوق دلانے کے لئے لگاتار کام کررہی ہے۔ پارٹی بہت کم وقتوں میں ملک کی ایک مضبوط سیاسی پارٹی کے طور پر ابھرکر سامنے آئی ہے۔نام نہاد پارٹیوں کی نیندیں اُڑ چکی ہیں۔ پارٹی جس طرح سے کام کررہی ہے یقینا پارٹی نہ صرف بہار میں بلکہ ملکی سطح پر کامیاب ہوگی۔نظرعالم نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پارٹی کے منشور پر عمل کیا جائے گا اور پارٹی کومتھلانچل کے ساتھ ساتھ پورے بہار میں مضبوط کیا جائے گا۔اس موقع پر نجم الحسن نجمی، عرفان فلاحی، اسعدرشید ندوی، صدام حسین، ریاض آتش، اوسیداحمد،ابوبشرربانی، ڈاکٹرنظام خان، مظہرنعمانی، قاری سعیدظفر، محمدطالب، محمدکلام،فخرالدین قمر،سفیرالدین اویسی،شاداب کے علاوہ درجنوں ذمہ داران موجود تھے۔