پٹنہ۲۱؍نومبر-(پریس ریلیز) الحراء پبلک اسکول شاہ گنج، پٹنہ کے ایکٹیویٹی انچارج نظرالاسلام ندوی ؔنے ننھے منّے بچوں کی سیر و تفریح بحسن و خوبی مکمل ہونے پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسکول انتظامیہ اپنے یہاں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیت کے ساتھ اُن کے اندر مخفی صلاحیت کو پروان چڑھانے کے لئے روز اول سے کوشاں ہے اور ان کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پابند عہد ہے ۔ بچوں کی شخصی ارتقا ء میں سیر و تفریح کا بھی اہم اور نمایاں رول ہے کیونکہ یہ بات مشہور ہے کہ سیر و تفریح بھی حصولِ علم کا ایک ذریعہ ہے ۔ اسی مقصد کے حصول کے تحت اسکول انتظامیہ پورے تعلیمی سیشن میں دو باربچوں کی سیر و تفریح کے لئےپروگرام طے کرتا ہے اور بچے بچیاں باری باری سے مقامی و بیرونی سیر و تفریح پر نکلتے ہیں ۔ حسب ِ روایت اس سال بھی جہاںبڑے بچے ، بچیاں نالندہ ، راجگیراور اسکے اہم مقامات پر اسکول کے استاد حسن شاہد اور شاذیہ احمد کی رہنمائی میں گئے تھے، وہیںآج اسکول کے ننھے منّے معصوم بچے اور بچیاں بھی اسکول کے ٹیچر سکندر خان ، احتشام الدین ، شاذیہ احمد کےساتھ شہر پٹنہ کے اہم مقامات جیسے ایکو پارک، بہار میوزیم اور سائنس سنٹر گئے اور ان کے ہمراہ اسکول کے اساتذہ جیسے ریاض الماس، ذکی الاعظم ، دانش خان، نورالزماں، حسن شاہد، ارشاد احمد ، صوفیہ سلطانہ ، شائقہ نیازی ،ہما فاطمہ ، نوری انور، شفیقہ ، نرگس ، شیریں ، نیلم ودیگر اسٹاف بھی تھے۔اساتذہ نے بڑے ہی مشفقانہ ماحول میں بچوںکی رہنمائی کی ۔ اس تفریح سے بچے بہت محظوظ ہوئے ۔ اور انہیں بڑا لطف آیا اور کئی نئی باتیں اُن کے علم میں آئیں اور اپنے آپ کو بھی انہوں نے آگے کے لئے تیار کرنے کا ذہن بنایا اور وہاں کی تمام چیزوں کو دیکھ کر خوش ہوئے انہیں دورانِ تفریح محسوس ہوا کہ سیر و تفریح جہاں ذہنی خوشی و فرحت فراہم کرتے ہیں وہیں اُن کی معلومات میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ وہ ماحولیات سے واقف ہوتے ہیں۔ قدرتی مناظر دیکھ کر انہیں مسرت وانبساط کا احساس ہوتا ہے ۔ اس تفریح کے دوران بچوں نے ایکو پارک میںخاصہ وقت گذارا اور تفریح کا خوب مزہ اٹھایا یہ باتیںان کے چہروں سے عیاں تھیں ۔ ان کی خوشی کا ٹھکانا نہ تھا۔بچے مختلف قسم کے کھیل کود سے خوب خوب لطف اندوز ہوئے۔ الحمد للہ !یہ ٹور بہت کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ کتابوں کے علاوہ انہیں عملی طور پر بھی جانکاری حاصل ہوتی ہے ۔ کیونکہ تعلیمی سیر و تفریح بھی پڑھائی کاہی ایک حصہ ہے ۔ چھوٹے بچوں کے اندر سائنس سے رغبت پیدا کرنا ذرا مشکل کام معلوم ہوتا ہے۔ تاہم، مختلف تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کی سائنس میں دلچسپی پیدا کی جاسکتی ہے اس بات کا خیال رکھتے ہوئے بچوں کواس مرتبہ سائنس سنٹربھی لے جایا گیاتاکہ سائنس میںان کی گہری دلچسپی ہو سکے۔ گرچہ پری اسکول کے بچے جدید سائنسی تصورات کو نہیں سمجھ سکتے، پھر بھی ان کی روزمرہ زندگی میں اس بات کو شامل کیا گیا تاکہ یہ سرگرمیاںسائنس کے تعلق سے بچوں میں سائنسی تجسس بڑھانے میںمددگار ثابت ہوں۔
