پٹنہ ، 21 نومبر (اے بی این ایس)۔وکاس سیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سپریمو مکیش سہنی نے پیر کے روزمظفر پور میں بی جے پی کے ریاستی صدر پر حملہ کرتے ہوئے انہیں سڑک چھاپ غنڈہ کہہ دیا۔کڑھنی ضمنی انتخاب کی تاریخ جیسے جیسے قریب آرہی ہے لیڈروں کی بیان بازی تیز ہوتی جارہی ہے۔ پٹنہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر کو پاگل کہنے کے بعد اب مکیش سہنی نے مظفر پور میں بھی ان پر حملہ کیا ہے۔ اس بار مکیش سہنی نے سنجے جیسوال کو سڑک چھاپ غنڈہ بھی کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر جس طرح سے بات کرتے ہیں، وہ سڑک چھاپ غنڈے کی زبان ہو سکتی ہے نہ کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے ریاستی صدر کی۔سرکاری رہائش گاہ کو لے کر شروع ہونے والے تنازعہ میں اب بی جے پی اور مکیش سہنی آمنے سامنے آگئے ہیں۔ مکیش سہنی نے آج مظفر پورمیں صحافیوں کو بتایا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی پارٹی بی جے پی کے ریاستی صدر سڑک چھاپ غنڈے کی طرح بات کرتے ہیں۔ وہ بھی ایک انتہائی پسماندہ پارٹی کے لیڈر کے ساتھ جو سر اونچا رکھ کر جینا چاہتا ہے۔ آپ نے نشاد سماج کے لیے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں۔مکیش سہنی نے کہا کہ بی جے پی ایک انتہائی پسماندہ شخص کے بیٹے پر تشدد کر رہی ہے۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے سہنی نے کہا کہ بی جے پی نے چراغ کو بھی دھوکہ دیا اور انہیں گھر سے نکال دیا۔ دوسری جانب رہائش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 30 گنا زیادہ کرایہ دے کر اس گھر میں رہ رہا ہوں ، اب اس بارے میں حکومت سے بات کریں، مجھ پر الزام نہ لگائیں۔