دوحہ، 22 نومبر (یو این آئی) سعودی عرب نے منگل کو فیفا ورلڈ کپ 2022 گروپ سی کے میچ میں جنوبی امریکہ کی بہترین ٹیم ارجنٹینا کو 2-1 سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے صالح الشہری (48ویں منٹ) اور سالم الدوساری (53ویں منٹ) نے گول کیے جبکہ ارجنٹینا کی جانب سے واحد گول لیونل میسی نے 10ویں منٹ میں کیا۔میسی نے 10ویں منٹ میں پنالٹی اسپاٹ کو گول میں تبدیل کر کے ارجنٹینا کو ابتدائی برتری دلائی لیکن سعودی عرب نے زبردست واپسی کرتے ہوئے دوسرے ہاف میں دو گول کر کے اس الٹ پھیر پر مہر ثبت کر دی۔اس جیت کے ساتھ ہی سعودی عرب گروپ سی میں تین پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ارجنٹینا کراری شکست کے بعد ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے اس میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔سالم الدوسری نے دوسرے ہاف کے آغاز میں گول کرکے اپنی ٹیم کودوایک کی برتری دلادی تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔اس سے چند منٹ قبل صالح الشہری نے ارجنٹائن کے اسٹارلیونل میسی کے پینلٹی پر کیے گئے گول کے جواب میں گول کرکے میچ ایک ،ایک سے برابر کردیا تھا۔
پہلے ہاف میں لینڈرو پریدے کو باکس کے اندر فاؤل کیا گیا تھا جس کی بناپرارجنٹائن کو پینلٹی کک ملی تھی۔جنوبی امریکی ٹیم نے پہلے ہاف میں مزید تین گول اسکور کیے تھے لیکن وہ تینوں آف سائیڈ کالزکے بعد مسترد کردیے گئے تھے۔ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں میچ برابرکرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن سعودی گول کیپرمحمد الاویس کی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔عرب دنیا اور وسیع تراسلامی دنیا کے فٹ بال شائقین سعودی عرب کی غیرمتوقع کارکردگی اورشاندار فتح پر بے پایاں خوشی کا اظہار کررہے ہیں،اس مقصد کے لیے انھوں نے سوشل میڈیا سائٹس کا سہارا لیا ہے اور وہ سعودی ٹیم کی بھرپور تعریف کررہے ہیں۔دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے میچ کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے سعودی عرب کے گرین فالکنز کو مبارک باد دی ہے،انھیں ’’فتح کا مستحق‘‘قراردیا ہے اوران کی ’’جارحانہ کارکردگی‘‘ کی تعریف کی۔
سعودی عرب چھٹی مرتبہ فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہا ہے جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم 18ویں مرتبہ عالمی کپ کھیل رہی ہے۔وہ 1978 اور 1986 میں دو مرتبہ فٹ بال عالمی کپ کی فاتح رہ چکی ہے۔سعودی عرب کی ارجنٹائن کے خلاف اپنے افتتاحی میچ میں فتح اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے۔
کہ اس سال پہلی مرتبہ مشرق اوسط کے کسی ملک فٹ بال عالمی کپ کھیلا جارہا ہے۔اس بنا پر عرب شائقین کا جوش وخروش دیدنی ہے۔
