مدھوبنی : (پریس ریلیز)تمام تعریفیں اور حمد و ثناء اللہ تعالیٰ کے لیے جس نے قرآن کریم میں فرمایا کہ جب کوئی مریض ہوتا ہے تو میں اسے شفا عطا کرتا ہوں ۔اور درود و سلام ناز ل ہو اس نبی(صلی اللہ علیہ وسلم)پر جس نے فرمایا‘‘ ہر مر ض کی اللہ نے ایک دوا رکھی ہے’’۔صحت اللہ تبارک و تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ، اسلام نے صحت کی حفاظت کے لیے علاج و معالجہ کا حکم دیا ہے۔ حفظان صحت اسلامی احکامات میں سے ایک اہم حکم ہے ۔ امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ ، پھلواری شریف، پٹنہ ایک قدیم رفاہی اور فلاحی ادارہ ہے، جس نے اسلام کی اس روح کو سمجھا اورجس طرح ابتدائے اسلام میں اور ماضی قریب تک طب اور میڈیکل سائنس کے میدان میں مسلم سائنسدانوں نے بڑے بڑے کارنامے انجام دیے ، بڑے بڑے میڈیکل کالج اور سائنس کے ادارے قائم کیے ، اس پر ضخیم اور رہنما کتابیں تصنیف کیں اور مسلم ماہرین اطبا ئ پیدا ہوئے، جن کے علوم و فیوض سے آج بھی پوری دنیا فائدہ اٹھا رہی ہے ۔اور ان کی لکھی ہوئی کتابوں کو اپنے نصابوں میں شامل کیے ہوئی ہے ۔ہمارا فرض ہے کہ مسلمانوں کے اس تشخص کو اور ان کی اس خدمت کو مضبوطی کے ساتھ پھر سے ہم دنیا کے سامنے لائیں۔یہ باتیںامیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے بسوریا، نور چک، بسفی ، ضلع مدھوبنی میں امارت شرعیہ کے تحت ایک بڑے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقد تقریب میں کہیں ۔ آپ نے کہا کہ امارت شرعیہ کو دوسرے کاموں کے ساتھ اسپتال کا بھی پرانا تجربہ ہے ۔یہاں جدید سہولیات سے لیس ایک بڑا اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔اللہ کا فضل ہے کہ یہاں لوگ بڑی تعداد میں اس نیک کام میں تعاون کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں ۔مقامی تعاون کے ساتھ ساتھ ایم پی راجیہ سبھا جناب ڈاکٹر فیاض عالم صاحب چیئر مین مدھوبنی میڈیکل کالج قابل مبارک باد ہیں کہ انہوں نے تعمیری کام کے لیے ایک خطیر رقم اپنے فنڈ سے دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس طرح مجھے اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ اس اسپتال کا لمبا پروجیکٹ اللہ تعالیٰ آہستہ آہستہ حسن و خوبی کے ساتھ پورا فرما دے گا اور اس کے لیے وسائل مہیا کر دے گا۔اور اس میں ایسے افراد جڑیں گے جس سے یہ کام آسانی سے پورا ہوگا۔آپ حضرات بہتر فکر اور سخت کوشی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں اور اس اسپتال کو آگے بڑھانے میں امارت شرعیہ کا پورا تعاون کریں۔ اس موقع سے حضرت امیر شریعت نے اسپتال کا تعاون کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ خاص طور سے جناب انجینئر محمد عمران صاحب، جناب ممتاز عرف اجالا صاحب ،جناب آس محمد صاحب ، جناب شاکر حسین صاحب (سابق مکھیا)، جناب عنبر جیلانی صاحب ، جناب ناصر حسین صاحب ، جناب ماسٹر شفیع اعظم صاحب، جناب امتیاز احمد صاحب، قاضی شریعت دملہ جناب مولانا اعجاز احمد قاسمی صاحب ، جناب طارق منہاج صاحب وغیرہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دعائیں دیں۔ نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نے فرمایا کہ امارت شرعیہ نے بسوریا نور چک میں اسپتال کے قیام کا فیصلہ امیر شریعت کی نگرانی میں فرمایا ، حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم کا یہ ایک اہم اور تاریخی اقدام ہے ، ان شاء اللہ حضرت کی جرأت مندانہ قیادت میں جلد تعمیری کام شروع ہو گا اوریہاں بہتر اسپتال قوم و ملت کو مل سکے گا جو صرف ایک خطہ کے لیے نہیں بلکہ کئی اضلاع کے لوگوں کے لیے نفع بخش ثابت ہو گا۔دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس کام کو آسان فرمائے۔
اس موقع پر پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے کہا کہامیر شریعت نے ایک سال کے اندر ایسے کئی کام کیے ہیں ،جو امارت شرعیہ کی تاریخ کا روشن حصہ ہیں ، آپ نے کئی سی بی ایس ای طرز کے نئے اسکول قائم کیے ، ایک درجن دار القضاءقائم کیے۔ پہلے سے موجود اسپتال کو بھی جدید سہولیات سے لیس کرنے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔ پھلواری شریف میں قائم مولانا سجاد میموریل اسپتال کی عمدگی کی طرف پوری توجہ ہے اور اس پر کام ہو رہا ہے ۔ امیر شریعت کا احسان ہے کہ ایک بڑی آبادی کو جو اسپتال کی سہولیات سے خالی تھی، اور لوگ مرض کے صحیح علاج کے لیے ترستے تھے ،آپ نے یہاں کے لوگوں کا خیال رکھتے ہوئے اس علاقہ میں ایک بڑا اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ بنایا، الحمد للہ اس کے لیے زمین بھی مل گئی ، لیکن حضرت امیرشریعت مد ظلہ کا واضح کہنا ہے کہ پہلے نقشے کی منظوری کروا لی جائے ، نقشہ کی منظوری کے بعد پھر تعمیری کا م ہو گا۔ان شاء اللہ جلد نقشے کی منظوری ہوگی اور حضرت دامت برکاتہم کی اجازت کے بعد تعمیری کام کا بھی آغاز ہو گا۔آج حضرت کے ہاتھوں اس کا سنگ بنیاد ہے ، ہم سب کو حضرت امیر شریعت کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے اور امارت شرعیہ کی جڑوں کو مستحکم کرنے کا عہد کرنا چاہئے ۔
ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ یہ ایک بڑا کام ہے جو امیر شریعت کر رہے ہیں ، امیر شریعت کے امیر بننے کے بعد ہم سب کا حوصلہ بلند ہو اہے ۔ ہم ابھی فوری طور پر 2022-23کے مالی سال میں اپنے ایم پی فنڈ سے رقم مخصوص کریں گے ۔اور آئندہ بھی جو ضرورت ہوگی ،اس کے لیے کوشش کرتے رہیں گے ۔اس اہم موقع سے حضرت مولانا محمد انظار عالم قاسمی قاضی شریعت مرکزی دار القضاء امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ اور حضرت مولانا سہیل احمد ندوی صاحب نائب ناظم امارت شرعیہ کی باوقار موجودگی رہی ۔اس مجلس کا آغاز حافظ عرفات حاتم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ استقبالیہ کلمات انجینئر عمران صاحب نے پیش کیے، اور مہمانوں کی آمد پر خیر مقدمی کلمات کہے ۔ آخر میں حضرت امیر شریعت کی دعا پر مجلس ختم ہوئی اور جناب ماسٹر شفیع اعظم عرف راجہ صاحب نے اظہار تشکر کیا۔ اس کے بعدحضرت امیر شریعت کے مبارک ہاتھوں سے امارت شرعیہ کے ذمہ داران کی پوری ٹیم، معززین ، علماء اور دانشوروں کی موجودگی میں اسپتال کی بنیادڈالی گئی اور اس موقع سے بھی حضرت امیر شریعت کی طویل دعا ہوئی ۔امارت شرعیہ کے اس اہم اقدام سے عوام و خواص میں امید اور خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ۔