دربھنگہ : دار العلوم دیوبند کے سابق مفتی مجاہد آزادی حضرت مولانا مفتی محمد ظفیر الدین مفتاحی کی شخصیت کی مختلف جہتیں تھیں، وہ ایک بلند پایہ فقیہ بھی تھے، اور عظیم دانشور بھی، بے مثال محقق و مصنف بھی تھے اور حقیقت پسند صحافی بھی۔انہوں نے نصف صدی تک دار العلوم دیوبند میں تدریسی و فقہی خدمات انجام دیں اور ایک شفیق استاذ اور کہنہ مشق مفتی کی حیثیت سے مشہور و معروف رہے۔ان کی انہیں ہمہ گیر شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے مولانا ڈاکٹر محمد اعجاز احمد صاحب سابق چیئر مین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ نے مورخہ ۲۲/ نومبر۲۰۲۲ء کو ضلع دربھنگہ کے موضع سوبھن، لال شاہ پور میں یک روزہ تاریخ ساز سیمینار مدرسہ اصلاح البنات میں منعقد کرایا۔جس کی صدارت امیر شریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ مفکرملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے فرمائی۔ اس سیمینار میں نیپال، یوپی، مہاراشٹر، جھارکھنڈ کے علاوہ بہار کے اکثر اضلاع سے ساٹھ سے زیادہ ممتاز اہل قلم اور ارباب فکر و نظر مقالہ نگاروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔اس سیمینار کی ایک بڑی خصوصیت یہ تھی کہ مقالہ نگاروں کے نگارشات کو داعی سیمینا ر نے کتابی صورت میں طبع کرا کر حضر ت امیر شریعت و دیگر علماء کے ہاتھوں رسم اجراء بھی کرائی اور سیمینار کے شرکاء کو ہدیہ میں پیش کر دیا۔اس لیے سیمینار میں مقالہ نگاروں نے مقالات کی تلخیص پر ہی اکتفاء کیا۔ ا س موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں امیر شریعت مد ظلہ نے داعی سیمینار کا شکریہ ادا کیا اور مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و فکری خدمات کااعتراف کرتے ہوئے ان کے علم و فن، تحقیق و ریسرچ اور مداومت کے ساتھ کام انجام دنے والی خصوصیات کو اختیار کرنے کی تلقین فرمائی۔ نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی ، قاضی شریعت مرکزی دار القضاء مولانا محمد انظار عالم قاسمی، قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی، نائب ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، مولانا اختر امام عادل قاسمی بانی و مہتمم جامعہ ربانی منوروا شریف، مولانا محمد ناظم صاحب پٹنہ، احمد سجاد صاحب، مفتی ریاست علی قاسمی اعظم گڑھ، مولانا انصار احمد مؤ، مفتی عین الحق امینی قاسمی، مولانا شمیم اکرم رحمانی معاون قاضی شریعت امارت شرعیہ، مولانا مفتی ارشد علی رحمانی قاضی شریعت مہدولی دربھنگہ، مولانا محمد عمران قاسمی قاضی شریعت بالا ساتھ سیتا مڑھی، مولانا عبد القیوم رحمانی نیپال، جناب صفی اختر صاحب دہلی، مولانا رضوان احمد ندوی معاون مدیر ہفتہ وار نقیب امارت شرعیہ، مولانا نظر الہدیٰ قاسمی ویشالی، مولانا محمد منہاج عالم ندوی امارت شرعیہ، مولانا نصیر الدین مظاہری امار ت شرعیہ،جناب حافظ امتیاز رحمانی وغیر ہم نے اپنے مقالات کی تلخیص پیش کی۔سیمینار کے داعی مولانا ڈاکٹر محمد اعجاز احمد صاحب نے کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے حضرت مفتی ظفیر الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و فکری اور فقہی خدمات کا مختصر مگر جامع جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے آئندہ حضر ت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ پر سیمینار منعقد کرنے کا اعلان بھی کیااور مقالہ نگاروں سے اپنے گراں قدر رشحات قلم بھیجنے کی درخواست کی۔ سیمینار کی نظامت مولانا محمد شبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ اور جناب حافظ محمد امتیاز رحمانی جامعہ رحمانی مونگیر نے انجام دی اور نہایت سلیقہ اور حسن ترتیب سے نظم و ضبط کو برقرار رکھا۔استقبالیہ کلمات جناب انجینئر فخر الدین قمر نے پیش کیا۔ اس سیمینار کو کامیاب بنانے میں المدد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور مدرسہ اصلاح البنات سوبھن دربھنگہ کے ذمہ داران،اساتذہو طلبہ نے بڑی محنت و جد و جہد کی۔ شہر دربھنگہ اور موضع سوبھن کے اصحاب فکر و دانش نے مہمانوں کا بھر پور اکرام کیا۔ آخر میں یہ سیمینار حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی دعا پر ۳/ بجے سہ پہر اختتام پذیر ہوا۔
