منڈی، 25 نومبر (یو این آئی) ہماچل پردیش میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) منڈی کے محققین نے ایک ایسا نظام تیار کیا ہے جس سے ہمالیائی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے برداشت کرنے والی عمارتوں کی صلاحیت کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔آئی آئی ٹی کے آج یہاں جاری ایک بیان کے مطابق یہ طریقہ آسان ہے اور پالیسی سازوں کو زلزلے میں عمارتوں کی مزاحمت کو بڑھانے کے لیے مضبوطی میں اضافے اور مرمت کے کام کو ترجیح دینے میں مدد کر سکتا ہے۔تحقیق کے نتائج ’بلیٹن آف ارتھ کویکس‘ میں شائع کیے گئے ہیں۔ اس تحقیق کی قیادت اسکول آف سول اینڈ انوائرمینٹل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار ساہاکر رہے ہیں، اور اس کی تصنیف ان کے پی ایچ ڈی کے طالب علم یتی اگروال نے کی ہے۔ بیان کے مطابق ہندوستانی اور یوریشین پلیٹوں کے درمیان جاری ٹکراؤ کی وجہ سے ہمالیائی علاقے دنیا میں زلزلوں کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔ یہاں وقتاً فوقتاً زلزلے آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جان و مال کا نقصان ہوتا رہتا ہے۔ گریٹر کشمیر کے زلزلے (2005) میں ہندوستانی علاقے کشمیر میں 1350 افراد ہلاک اور ایک لاکھ زخمی ہوئے۔ ہزاروں مکانات اور عمارتیں منہدم ہو گئیں، لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلوں کو روکا نہیں جا سکتا لیکن عمارتوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو ڈیزائن کر کے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے جو زلزلے کے واقعات کو برداشت کر سکیں۔ اس سمت میں پہلا قدم موجودہ انفراسٹرکچر کی کمزوری اور مضبوطی کو سمجھ کر سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ ہر عمارت کی الگ الگ زلالے کی کمزوری کا اندازہ لگانا مشکل ہے، اس لیے عمارتوں کی تیزی سے بصری اسکریننگ بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے۔ آر وی ایس یہ فیصلہ کرنے کے لیے بصری معلومات کا استعمال کرتا ہے کہ آیا کوئی عمارت رہنے کے لیے محفوظ ہے یا زلزلہ کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے تیز رفتار انجینئرنگ کے کام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ آر وی ایس سسٹمز مختلف ممالک کے ڈیٹا پر مبنی ہیں اور ان کا اطلاق ہندوستانی ہمالیائی خطے پر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس خطے میں عمارت کی کچھ خصوصیات منفرد ہیں۔ مثال کے طور پر اس علاقے میں بہت سے غیر انجینئرڈ ڈھانچے ہیں۔ مقامی متعلقین کی ناقص منصوبہ بندی اور تعمیراتی کارکنوں میں بیداری کی کمی کے نتیجے میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور ترسیل میں انتشار پیدا ہوا ہے۔ لہذا یہ ضروری ہے کہ علاقے کے مخصوص آر وی ایس رہنما خطوط استعمال کئے جائیں۔ ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی ہمالیائی خطے میں آر سی عمارتوں کی جانچ کا ایک موثر طریقہ تیار کیا ہے تاکہ عمارتوں کی حالت کے مطابق مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جا سکے اور زلزلے کی صورت میں خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔
