اسلام آباد، 25 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر آج دو روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق 25 نومبر سے 27 نومبر تک سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کریں گے۔دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم استنبول شپ یارڈ میں پاکستان نیوی کے لیے چار ملگیم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا مشترکہ طور پر افتتاح کریں گے۔روانگی سے قبل وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تیسرے ملگیم کارویٹ جہاز کا افتتاح ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے دفاعی تعاون کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے رابطے ہماری شراکت داری کی امتیازی خصوصیات ہیں، صدر اردوان کی قیادت میں ہمارے دوطرفہ تعلقات اسٹریٹیجک شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف ترک تاجر برادری کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے اور ملک کے شہری مرکز استنبول میں قیام کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ اس کے بعد شہباز شریف اور اردوان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
