خواتین کی کلائیوں میں کھنکیں گی شراب کی ضبط بوتلوں سے تیار چوڑیاں

پٹنہ، 26 نومبر(اے بی این ایس)۔
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو ’نشہ مکتی دیوس‘ کے موقع پر ضبط شدہ شراب کی بوتلوں کی باقیات سے چوڑیاں تیار کرنے کے لیے ’جیویکا چوڑی نرمان کیندر‘ کا افتتاح کیا۔ پٹنہ ضلع کے سبل پور گاؤں میں محکمہ مانع شراب، مصنوعات اور محکمہ دیہی ترقی کے تحت چوڑی بنانے کا مرکز قائم کیا گیا ہے۔اس اسکیم پر عمل آوری کے لیے شراب پر پابندی، ایکسائز اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تقریباً ایک کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ مرکز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہل کمار نے کہا کہ یہ چوڑیاں بنانے والی فیکٹری فیروز آباد کے تکنیکی ماہرین کی نگرانی میں جدید ترین صنعتی پیرامیٹرز کی بنیاد پر قائم کی گئی ہے، جو شیشے کی چوڑیوں کے لیے دنیا میں مشہور ہے۔اس وقت اس فیکٹری میں تقریباً 150 ’جیویکا دیدیوں‘ اور ان کے خاندان کے افراد کو روزگار سے جوڑا جا رہا ہے۔ انہیں فیروز آباد کے ماہرین تربیت دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس فیکٹری میں 10 کے قریب کاریگروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔اس فیکٹری میں 2 ٹن کی گنجائش کی گیس سے چلنے والی بھٹی بنائی گئی ہے جو ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ فیکٹری میں کام کرنے والے کاریگروں کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس فیکٹری میں روزانہ تقریباً 80 ہزار چوڑیاں تیار کرنے کی گنجائش ہے۔
یوم انسداد نشہ پروگرام کے آغاز سے قبل شراب بندی کی تشہیر مہم کے تعلق سے اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی 6بسوں کووزیر اعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے منشیات سے پاک بہار کے لیے منعقد کی جانے والی پٹنہ ہاف میراتھن کے تعلق سے لگائی گئی نمائش کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے سامنے شراب کے مضر اثرات پر مبنی مختصر فلم کی نمائش کی گئی۔پروگرام میں وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم آبکاری کمشنر بی کارتکے دھنجے نے سبز گچھا اور مومینٹو پیش کر کے کیا۔شراب بندی کے کامیاب نفاذ کے لیے کیے گئے کام پر مبنی مختصر فلم دکھائی گئی۔ پروگرام میں کلکاری کے بچوں نے قوالی پیش کی۔وزیر اعلیٰ نے تمام پنچایتوں کو شراب پر پابندی سے متعلق بھیجے گئے پیغام کا اجرا کیا۔وزیر اعلیٰ نے جیویکا کے ذریعہ چوڑی مینوفیکچرنگ سنٹر سبل پور، پٹنہ میںکا افتتاح کیا۔ پروگرام میں چوڑیوں کے مینوفیکچرنگ سینٹر پر مبنی ایک مختصر فلم پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے جیویکا دیدی نینا دیوی اور پاروتی دیوی کو چوڑیاں مینوفیکچرنگ سنٹر سے بنائی گئی کانچ کی چوڑیاں دیں۔وزیر اعلیٰ نے شراب بندی کے کامیاب نفاذ کو لے کر سینٹرل سلیکشن کونسل (سپاہی بھرتی) کے چیئر مین کے ایس درویدی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس رنگ روٹ ٹریننگ سینٹر، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، راجگیر سنجے کمار، مظفر پور کے ڈی ایم پرنو کمار، پٹنہ کے ڈی ایم ڈاکٹرچندرشیکھرسنگھ، گیا کے ڈی ایم تیاگ راجن ایس ایم ، مدھوبنی کے ڈی ایم اروند کمار ورما، گوپال گنج کے ڈی ایم ڈاکٹر نول کشور چودھری کو تمغے اور توصیفی سند سے نوازا۔اس پروگرام کو شراب بندی ،ایکسائز اور رجسٹریشن کے وزیر جناب سنیل کمار، پنچایتی راج کے وزیر مراری پرساد گوتم، چیف سکریٹری عامر سبحانی، ڈی جی پی ایس کے سنگھل، شراب بندی ایکسائزورجسٹری کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے کر پاٹھک نے بھی خطاب کیا۔پروگرام میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کمار سنگھ، محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے سکریٹری انوپم کمار، تعمیرات کے سکریٹری و پٹنہ ڈویزن کے کمشنر کمار روی، وزیر اعلی کے اوایس ڈی گوپال سنگھ، ایکسائز کمشنر بی کارتیکے دھنجے، جیویکا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہل سنگھ، انسپکٹر جنرل آف پولیس شراب بندی امرت راج سمیت دیگر سینئر افسران ،ایوارڈز حاصل کرنے والے افسران ور اہلکار، جیویکا کی دیدیاں ویب کاسٹنگ کے ذریعے منسلک افسران، اہلکار اور دیگر معززین موجود تھے۔پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شراب بندی قانون کو بہتر طریقے سے نافذکیا جا رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگ شراب سے آزادی پار ہے ہیں۔ سماج میں گڑبڑی کرنے والے لوگ ہو تے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ شراب بندی عوام کے مفاد میں ہے۔ اگر لوگ باپو کی کہی بات کو نہیں مانیں گے تو اس کا کیا مطلب ہے؟ شراب بندی کے تعلق سے اٹھائے گئے اقدام کے بارے میں آپ لوگوںکو تمام باتیں معلوم ہیں۔ آپ لوگ بھی شراب بندی کو کامیاب بنانے میں مدد کریں، ہم لوگ سب کے مفاد میں کام کرتے ہیں، تمام لوگوں کے مفاد میں بولتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اچھا کام پسند نہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟کڑھنی اسمبلی ضمنی انتخاب میں تشہیرکرنے جانے کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہاں تشہیرکرنے جانے کا پروگرام آپ لوگوں کے درمیان جاری ہو گیا ہے۔

About awazebihar

Check Also

گیان بھون میں 8 دسمبر سے چار روزہ چھوٹی صنعت میلے کا انعقاد

پٹنہٖ (پریسریلیز) چھوٹی صنعت کا میلہ اسمال ادیوگ بھارتی بہار ریاستی یونٹ کی طرف سے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *