نوادہ میں گنگا کے پانی کی سپلائی جلد شروع ہوجائے گی :وزیر اعلیٰ

پٹنہ، 28 نومبر (اے بی این ایس )وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بودھ گیا کے مہابودھی کلچرل سنٹر میں شمع روشن کرکے اور ریموٹ کے ذریعے تختی کی نقاب کشائی کرکے’ گنگا واٹر سپلائی اسکیم‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں نے 2019 میں جل جیون ہریالی مہم شروع کی تھی۔ اس کے لیے تمام پارٹیوں کے ارکان اسمبلی- ارکان قانو سازکونسل کی میٹنگ ہوئی اور اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جل ،جیون ،ہریالی کا مطالب ہے پانی اور ہریالی ہے تب ہی زندگی محفوظ ہے۔ اسی کو ذہن میں رکھ کرکئی کام شروع کئے گئے۔ اس کے تحت گیا، بودھ گیا اور نوادہ میں گنگا کے پانی کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ یہاں پانی کی دشواری تھی گرمی کے دنوں میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس وجہ سے ہر گھرتک گنگا کے پانی کی سپلائی شروع کرائی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہابودھی کلچرل سینٹر کے قریب زیر تعمیر اسٹیٹ گیسٹ ہاس نئے سال کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔ اسٹیٹ گیسٹ ہا س کی تعمیر کے بعد سیاحوں کو یہاں رہنے میں مزید بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔ سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں آئے گی۔ اس سے مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملے گا اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کی تعمیر سے بودھ گیا میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ گنگا کے پانی کے تئیں لوگوں میں کتنی عقیدت ہے۔ 2019 میں، ہم نے کہاتھا کہ گنگا کا پانی ہر گھر میں دستیاب کرانا ہے۔ گیا میں کابینہ کی میٹنگ رکھی گئی تھی اور اس حوالے سے ہر چیز کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ گنگا کے پانی کی سپلائی شروع ہونے کے بعد پینے کے پانی کا بحران نہیں رہے گا۔ فی کس 135 لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس سے عوام کو پانی کی کوئی پریشانی نہیں ہوگی اس سے وہ معمول کے تمام کام آرام سے کر سکیں گے۔ کھانا پکانے، نہانے، صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ گھر میں پوجاکے لیے بھی گنگا جل ہمیشہ دستیاب رہے گا۔گنگا کے پانی کی دستیابی کے بعد زمینی پانی پر لوگوں کا انحصار ختم ہو جائے گا۔ زیر زمین پانی کی سطح بھی برقرار رہے گی۔ لوگوں کو گنگا جل کی سپلائی شروع ہو گئی ہے۔ لوگ پانی کا بہتر استعمال کریں، اس کا بے جا استعمال نہ کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہابودھی مندر میں سیکورٹی کے مزید پختہ انتظام کیے گئے ہیں عقیدت مندوں کے لیے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب گیا میں بھی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے۔ گنگاکا پانی ہاتھیدہ سے پائپ لائن کے ذریعے نوادہ، راجگیر، گیا اور بودھ گیا میں آ رہا ہے۔ آئندہ سال نوادہ میں بھی گنگا کے پانی کی سپلائی شروع ہو جائے گی۔ گیا-بودھ گیا ایک تاریخی اور افسانوی مقام ہے، اس لیے حکومت اس کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے گنگا واٹر سپلائی اسکیم پر 4,175 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ اس کے مینٹننس کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ گیا میونسپل کارپوریشن کے 53 وارڈوں اور بودھ گیا کے 9 وارڈوں میں ہر جگہ گنگا کے پانی کی سپلائی شروع ہو گئی ہے۔ گیاجی میں لاکھوں لوگ آبا اجداد کے پنڈدادن کے لیے آتے ہیں۔
اس کے لیے وشنوپد مندر کے قریب پھلگو ندی میں گیاجی ڈیم بنایا گیا تھا۔ اس سے زائرین کو کافی سہولت ملی ہے اور وہ بہت خوش ہیں۔ آج اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یہاں سب کو گنگا کا پانی ملنا شروع ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گنگا واٹر سپلائی اسکیم بہتر طریقہ سے چلائی جائے اس کے لئے عوامی نمائندگان مسلسل نگرانی کریں۔ اس کے مینٹیننس کا بھی خاص خیال رکھناہے۔ حکومت سب کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرائے جارہے ہیں۔ تمام محکموں میں حکومت جلد از جلدلوگوں کو نوکریاں فراہم کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ ہم نے تمام طبقات کی بہتری کے لیے کام کیا ہے۔ تمام علاقوں کی ترقی کے لیے کام کیا۔ سب مل جل کر یکجہتی کے ساتھ ر ہیں۔ کچھ لوگ آپس میں تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارہ کے ساتھ رہیں۔
مان پور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوادہ میں ابھی اس اسکیم کو شروع کر نے میں کچھ وقت لگے گا۔ راجگیر سے جو گنگا کا پانی گیا تک پہنچے گا اسے یہاں تین جگہوں پر ٹریمنٹ کیا جائے گا۔ یہی سے گنگا کا پانی گیا اور بودھ گیا کے تمام گھروں میں سپلائی ہو گا۔ یہ کام یہاں کے لیے بہت ضروری تھا۔ گرمیوں میں یہاں پانی کا بہت بحران پیدا ہوجاتاتھا۔ لوگ پینے کے پانی کے لیے بھی پریشان رہتے تھے۔ اسی وقت میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ سب سے اچھا ہو گا کہ یہاں پر ہم لوگ گنگا کا پانی فراہم کرادیں۔ جب سے یہ کام ہو رہا ہے، ہم یہاں برابر آتے ہیںاور ایک ایک کام کو ہرجگہ جاکر خود دیکھتے ہیں تاکہ گنگا واٹر سپلائی اسکیم میں کسی طرح کی کوئی دشواری نہ آئے ۔ راجگیر میں گنگا کا پانی پہنچانے والا کام پہلے ہو گیا تھا ،لیکن ہم نے کہا تھا کہ جب تک گیا اور بودھ گیا میں اس کا کام مکمل نہیں ہوجائے گا تک تک منصوبہ کی شروعات نہیں کریں گے ۔ کل راجگیر میں گنگا واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح کیا گیا اور آج گیا اور بودھ گیا میں اس منصوبہ کی افتتاح ہو رہا ہے ۔ ہر گھر میں یہ پانی فراہم ہو گا۔ ساتھ ہی ہوٹل ،اسکول اور انسٹی ٹیوٹ سے لے کر تمام سرکاری مقامات پر بھی اس پانی کا استعمال کیا جائے گا ۔ پینے کے لیے اس سے اچھا پانی نہیں ملے گا ۔ پینے کے پانی کی شکل میں یہ سب سے بہتر ہے ۔

 

About awazebihar

Check Also

مجلس علماء جھارکھنڈ ضلع لاتیہار کا انتخاب عمل میں آیا

صدرمفتی گلزار قاسمی ، نائب صدر مولانا عبد الواجد چترویدی اور جنرل سکریٹر مولانا رضوان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *