پٹنہ، 28 نومبر(اے بی این ایس)۔ راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کا 23 واں یوم تاسیس راجدھانی پٹنہ کے رویندر بھون میں منایا گیا۔ آر ایل جے پی کے یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر پشوپتی پارس نے کہا کہ جب پارٹی ٹوٹتی ہے تو وہ دوبارہ منظم ہو جاتی ہے۔ لیکن جب دل ٹوٹتا ہے تو وہ نہیں جڑتا ہے۔ چراغ پاسوان نے پارٹی اور دل دونوں کو توڑ کر پارٹی کے بانی رام ولاس پاسوان کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا ہے۔ چراغ نے پارٹی کی اکثریت سے انکار کرتے ہوئے الگ الیکشن لڑا اور پارٹی کو برباد کیا، انہوں نے ہمیں پارٹی سے نکالنے کی دھمکی بھی دی تھی۔مرکزی وزیر پشوپتی پارس نے کہا کہ رام ولاس ساری زندگی غریبوں، پسماندہوں، استحصال زدہ، مظلوموں اور دلتوں کی خدمت کرتے رہے۔ جب بھی وہ وزیر بنے، انھوں نے دلتوں اور غریبوں کی فلاحی اسکیموں کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کام کیا۔ آج آر ایل جے پی کے یوم تاسیس پر ہم لوگ یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے شروع کردہ کام کو آگے بڑھائیں گے۔ اس سے پہلے پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے وزیر پشوپتی کمار پارس نے باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر، پارٹی کے بانی رام ولاس پاسوان اور دلت سینا کے سابق صدر رام چندر پاسوان کی تصویر پر گلپوشی کر پروگرام کا آغاز کیا۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس نے کہا کہ ہم آج بھی رام ولاس کے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں جو ہمیشہ مظلوموں اور پسے ہوئے لوگوں کی آواز رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے الزام لگایا کہ بہار کی نتیش حکومت وہ کام نہیں کر رہی جو دلتوں کے لیے ہونا چاہیے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر پشوپتی پارس آر ایل ایس پی ایم پی پرنس کمار چندن سنگھ سمیت کئی لیڈر موجود تھے۔
