پٹنہ، 2 دسمبر(اے بی این ایس)۔بہار قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر سمراٹ چودھری نے جے ڈی یوپر بڑا الزام لگایا ہے۔ سمراٹ چودھری نے کہا کہ جے ڈی یو شراب مافیا اوربالو مافیا کے پیسے سے چل رہا ہے، آرجے ڈی تو چل ہی رہا تھا ۔
یہ بات خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار کہتے رہے ہیں۔ اب جے ڈی یو بھی شراب مافیا اور بالو مافیا کے پیسوں سے چل رہا ہے۔ جمعہ کے روز بی جے پی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمراٹ چودھری نے کہا کہ بہار میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔
سمراٹ چودھری نے عظیم اتحاد حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب نتیش کمار ‘ ٹھگ بندھن ‘ کے ساتھ چلے گئے ہیں تو قانون کی حکمرانی کیسے قائم رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد حکومت کے ایک درجن وزراء پر فوجداری مقدمات میں چارج شیٹ ہیں۔ سمراٹ چودھری نے نتیش کمار پر انتہائی پسماندہ کی تذلیل کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ پبلک کیوں نہیں کی گئی۔
تیجسوی یادو کے اس بیان کو نشانہ بناتے ہوئے کہ وہ بی جے پی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے ، سمراٹ چودھری نے کہا کہ بی جے پی نے لالو پرساد یادو کو وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ نہ صرف لالو پرساد یادو بلکہ نتیش کمار کو بھی بی جے پی نے وزیر اعلیٰ بنایا تھا۔ کڑھنی انتخابی مہم میں نتیش کمار اور تیجسوی یادو کے ساتھ جانے پر سمراٹ چودھری نے کہا کہ جیسے ہی نتیش کمار قدم رکھتے ہیں، جہاں پہلے بی جے پی امیدوار 10,000 ووٹوں سے جیتتے تھے، اب وہ 20,000 سے زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیتیں گے۔
