میرپور، 4 دسمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش نے اتوار کو میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ون ڈے میچ میں مہدی حسن کی زبردست بلے بازی کی بدولت سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ہندوستان کے لیے وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل کی جارحانہ اننگز ان کے کام نہ آئی اور ہندوستان کو میزبانوں سے شکست کا مزہ چکھنے پر مجبور کردیا۔ہندستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جہاں ہندستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 187 رن کا ہدف دیا تھا جسے بنگلہ دیش کی ٹیم نے باآسانی حاصل کیا اور ہندستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی میزبان ٹیم ون ڈے سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ ہندستان کے 186 رن کے ہدف کے بعد میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز اچھا نہیں کیا اور ہندستانی فاسٹ بولر دیپک چہار نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نجم الحسین شانتو کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا تھا۔
ہندوستان کے 186 رن کے تعاقب میں میزبان ٹیم ایک مرحلے پر 9 وکٹوں پر صرف 136 رنز بنا سکی تھی کہ مہدی حسن نے دسویں وکٹ کے لیے مستفیض الرحمان کے ساتھ نصف سنچری پارٹنرشپ بنا کر ہندوستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی اور سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو شکست دی۔ بنگلہ دیش نے یہ میچ ایک وکٹ اور چار اوورز باقی رہتے ہوئے جیت لیا۔
تاہم بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہو سکا اور ہندوستانی فاسٹ باؤلر دیپک نے شانتو کو اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کراکے پویلین بھیج دیا۔ میزبان ٹیم کے انعام الحق کو نویں اوور میں دیپک چاہر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا لیکن انعام نے ڈی آر ایس کا استعمال کرتے ہوئے اپنی وکٹ بچائی تاہم 10ویں اوور میں انعام اپنی وکٹ نہ بچا سکے اور 14 رنز کے ذاتی اسکور پر سراج کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
ہندوستانی اسپنر واشنگٹن سندر نے 20 ویں اوور میں اپنی پہلی گیند پر لٹن داس کو جال میں پھنسایا اور لٹن 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو ہندوستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ لٹن کو ایل راہول نے وکٹ کے پیچھے کیچ کیا۔ اس کے بعد 24ویں اوور میں ہندوستان کو چوتھی کامیابی شکیب الحسن کی صورت میں ملی۔ جنہیں واشنگٹن سندر نے آؤٹ کیا۔ ویراٹ کوہلی نے ہوا میں غوطہ لگا کر شکیب کا کیچ لیا۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج کامیاب بولر رہے۔ سراج نے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر تین وکٹ لیے۔ دیپک چاہر نے آٹھ اوور میں 31 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ کلدیپ سین اور واشنگٹن سندر نے دو اور شاردل ٹھاکر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شہباز احمد ایک بھی وکٹ اپنے کھاتے میں نہ ڈال سکے۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن کو مین آف دی میچ کا قرار دیا گیا۔ مہدی حسن نے 39 گیندوں پر 38 رنز بنا کر ہندوستان کے جبڑے سے فتح چھین لی اور مہدی نے بھی نو اوورز میں 43 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔