گاندھی نگر :(ایجنسی) گجرات میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر دوسرے مرحلے کی پولنگ پرامن انداز میں آج ختم ہو گئی۔ پولنگ افسران نے ووٹ کے لیے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد لائن میں کھڑے لوگوں کو ووٹ کرانے کے بعد ای وی ایم کو سیل کر دیا جو 8 اگست کو کھولا جائے گا۔ آج 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے ڈالے گئے ووٹ میں سبھی پارٹیوں کے مجموعی طور پر 833 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہو گیا ہے۔
گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع کی 93 سیٹوں پر پیر کی شام 5 بجے تک 58.80 فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ شام پانچ بجے ختم ہوئی۔ مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد بھی کئی بوتھ پر ووٹروں کی قطاریں لگی ہوئی دیکھی گئیں اور قواعد کے مطابق ووٹ ڈالنے کے بعد ہی ای وی ایم مشینوں کو سیل کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا کہ ووٹ فیصد کی گنتی اور مرتب کرنے کا کام ابھی جاری ہے۔ اس سے ووٹنگ فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
ووٹنگ ٹرن آؤٹ کا رجحان شام 5 بجے تک اراولی میں 60.18 فیصد، احمد آباد 53.57، آنند 59.04، کھیڑا 62.65، گاندھی نگر 59.14، چھوٹاادے پور 62.04، داہود 55.80فیصدپولنگ ہو چکی ہے۔سابر کانٹھا میں سب سے زیادہ 65.84 فیصد اور احمد آباد میں سب سے کم 53.57 فیصد ووٹنگ درج ہوئی ہے۔چیف الیکٹورل آفیسر پی بھارتی اور ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر کلدیپ آریہ نے صبح 8:00 بجے گاندھی نگر کے سیکٹر-9 میں اپنا ووٹ ڈالا اور ودیا سمیکشا کیندر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ دوسرے مرحلے میں 14 اضلاع کے 26,409 پولنگ بوتھ پر پرامن طور پر پولنگ ہوئی جس میں 13,319 پولنگ بوتھ میں لائیو ویب کاسٹنگ کی گئی۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی احمد آباد کے رانیپ علاقے میں نشان ودیالیہ بوتھ پر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے خاندان کے ساتھ ناران پورہ میں، وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل شیلج پرائمری اسکول کے بوتھ-95 میں اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل مہسانہ کے کڑی میں صبح ووٹ ڈالا۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار اسودان گدھوی سمیت کئی لیڈروں نے بھی اپنا ووٹ ڈالا ہے۔