مہاراشٹر-کرناٹک سرحد تنازعہ میں شدت، بیلگاوی میں مہاراشٹر کے ٹرکوں پر پتھراؤ، حالات کشیدہ

بنگلورو : کرناٹک اور مہاراشٹر کے درمیان جاری سرحد تنازعہ نے بیلگاوی علاقہ میں حالات کو کشیدہ کر دیا ہے۔ سرحدی علاقہ بیلگاوی میں تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور منگل کے روز تو بیلگاوی کے باگیواڑی میں شدید احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ اس دوران کرناٹک رکشن ویدیکے سے جڑے کارکنان نے مہاراشٹر کے ٹرکوں پر پتھراؤ کیا۔
پرتشدد مظاہرہ اور ٹرکوں پر پتھراؤ کی خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس کے باوجود علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور پولیس فورس کی تعیناتی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کے دو وزراء نے آج ہونے والے اپنے بیلگاوی دورہ کو منسوخ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرناٹک رکشن ویدیکے کارکنان نے ان ٹرکوں کو آگے بڑھنے سے روکا جن پر مہاراشٹر کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ ایک ٹرک پر پتھراؤ بھی ہوا اور کارکنان شدت کے ساتھ شاہراہ پر دھرنا و مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔ پولیس کے ذریعہ کچھ کارکنان کو حراست میں لیے جانے کے بعد حالات کچھ بہتر ہوئے۔اس درمیان کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے دونوں ریاستوں کی عوام سے کہا ہے کہ وہ خیر سگالی کا ماحول بنائے رکھیں اور تشدد پر آمادہ نہ ہوں۔ ساتھ ہی بومئی نے کرناٹک کے عوام کو بھروسہ دلایا ہے کہ سرحد تنازعہ کو لے کر قانونی جنگ میں کرناٹک کی جیت ہوگی کیونکہ ریاست کا رخ قانونی و آئینی دونوں لحاظ سے مثبت ہے۔

About awazebihar

Check Also

خوشامد اور ذات پات کی سیاست کے دن ختم ہو چکے : شاہ

  نئی دہلی 03 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *