پٹنہ، 06 دسمبر(اے بی این ایس ) بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم وفات کے موقع پر پٹنہ ہائی کورٹ کے قریب بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکے مجسمہ احاطے میں ایک سرکاری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔وزیراعلی نتیش کمار نے باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا۔پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بابا ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا آئین بنانے میں اہم کردار تھا۔ سماج کا ہر طبقہ انہیں یاد کرتا ہے۔ ہم لوگ بچپن سے ہی ان کے بارے میں سب کچھ جانتے آئے ہیں۔ ہمیں ان سے پوری عقیدت ہے۔ انہوں نے آئین کو بہتر طریقہ سے بنایا۔ سماج کے ہر طبقے کی ترقی کی بات کی۔ غریب طبقہ کے لوگوں کو انہوں نے بڑھنے کا موقع دیا۔ ان کے ذریعہ کئے گئے کام تاریخ میں درج ہیں۔کٹیہار جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کٹیہار جا رہے ہیں، وہاں پہنچ کر ہر چیز دیکھیں گے۔ ممبران اسمبلی اور دیگر نے ہمیں گنگا ندی کے کنارے ہورہے کٹاؤ کے بارے میں بتایا تھا۔ اسی کوجاکر دیکھیں گے کہ کیاصورت حال ہے۔ کٹاؤ سے حفاظت لیے تمام انتظامات کیے جائیں گے۔ ہوائی جہاز سے کٹیہار جانے کے لیے راستے میں دیکھیں گے کہ کہیں اور کوئی دشواری تو نہیں ہے۔
لالو پرساد یادو کی صحت کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل ان کے آپریشن کے بعد ہم نے فون کرکے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ وہ خیریت سے ہیں، یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔ وہاں کے ڈاکٹروں نے یہ بھی کہا ہے کہ شری لالو پرساد جی کی صحت ٹھیک ہے۔ شری تیجسوی پرساد یادو اور دیگر کے ساتھ بھی ہماری گفتگو ہوئی ہے۔ ۔اسمبلی انتخاب کے نتائج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام ہی مالک ہیں۔
اس موقع پر آبی وسائل اور اطلاعات ورابطہ عامہ کے وزیر سنجے کمار جھا،عمارت تعمیرات محکمہ کے وزیر اشوک چودھری، وزیر ٹرانسپورٹ مسز شیلا کماری، پنچایتی راج کے وزیرجناب مراری پرساد گوتم، وزیر قانون جناب شمیم احمد، وزیرلیبر وسائل جناب سریندر رام،قانون ساز کونسل کے رکن جناب سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، قانون ساز کونسل کے رکن جناب سنجے سنگھ، قانون ساز کونسل کی رکن مسز کمود ورما، ریاستی فوڈ کمیشن کے چیئرمین مسٹر ودیاانند وکال، ریاستی شہری کونسل کے سابق جنرل سیکرٹری سمیت دیگر سماجی و سیاسی کارکنان نیبابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے فنکاروں نے بھجن-کیرتن، بہار گیت کے ساتھ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی سوانح حیات پر مبنی گیت گا کر خراج عقیدت پیش کیا۔