پٹنہ:(پریس ریلیز )مدرسہ محمدیہ نیو عظیم آباد کالونی کے مہتمم اور جامع مسجد پیر بہور کے امام و خطیب مولانا ثناءاللہ ندوی ازہری کی قیام گاہ پر تنظیم ابناء ندوہ بہار کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ جسمیں شرکاء نے اس بات کا اظہار کیا کہ تنظیم ابنائے ندوہ بہار تحریک ندوہ کے ضمن میں قائم ہونے والے ملی سماجی و علمی اداروں کے فروغ کو اپنے مشن کا حصہ سمجھتی ہے۔ چنانچہ تحریک پیام انسانیت کے تحت مدرسہ شمس الہدیٰ پٹنہ کے احاطہ میں مورخہ 11/دسمبر کو منعقد ہونے والے بلڈ ڈونیشن و فری میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں تنظیم ابنائے ندوہ سرگرمی کے ساتھ مہم چلارہی ہے۔ تنظیم کے ذمہ داران نے ملت کے نوجوانوں سے بالعموم اور ابنائے ندوہ سے بالخصوص اپیل کی ہے اس کیمپ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہونچ کر غریب مریضوں کی امداد میں اپنے خون کا عطیہ دیکر انکی جان بچانے میں معاون بنیں۔ اور بے سہاروں کا سہارا بن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام انسانیت کو فروغ دینے اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی بقاء و تحفظ میں اپنا کردار اداکرکے مثال پیش کریں۔اس موقعہ پر لکھنؤ سے تشریف لائے تنظیم کے جوائنٹ کنوینر مولانا نجیب الرحمن ململی ندوی نے کہا کہ اس کیمپ کو زیادہ سے زیادہ مفید اور کامیاب بنانے کیلئے پٹنہ و قرب و جوار میں موجود تنظیم کے کارکنان دو دو چار چار نوجوانوں کو خون کے عطیہ کیلئے تیار کرکے اپنے ساتھ لیکر کیمپ میں پہونچیں۔ تاکہ بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی خدمت اور غریب مریضوں کی جان بچانے کا ذریعہ بن کر سکون حاصل کرسکیں۔مولانا غلام سرور ندوی نے کہا کہ گذشتہ ماہ پیام انسانیت کے اجلاس کے موقعہ پر تنظیم ابنائے ندوہ کے کارکنان کے ساتھ میٹنگ میں تحریک پیام انسانیت کے روح رواں حضرت مولانا بلال حسنی ندوی صاحب نے پیام انسانیت کے پیغام اور مشن کو تحریک ندوہ کی فکر کا حصہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کام ملت کے ہر فرد کو اپنا کام سمجھ کر کرنا چاہئے۔ آجکے ملکی حالات میں نفرت کی فضاء کو ختم کرنے کیلیے یہ ایک بہترین راستہ ہے۔ اور ابنائے ندوہ کو خاص طور پر اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔میٹنگ میں ڈاکٹر نورالسلام ندوی اور حافظ مولانا عارف نثار ندوی نے بھی شرکت کی اور اپنی رائے سے مستفید کیا۔
