بھوپال،10 دسمبر (ایجنسی)۔مرکزی وزیر سڑک ٹرانسپورٹ اورقومی شاہراہ نتن گڈکری نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کی ہمہ گیر ترقی وزیر اعلیٰ چوہان کی قیادت میں ہو رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کی بدلتی ہوئی تصویر وزیر اعظم نریندر مودی کے خود کفیل ہندوستان کے خواب کو پورا کرے گی۔ آنے والے وقتوں میں مدھیہ پردیش ملک کی ترقی یافتہ ریاستوں میں سرفہرست رہے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک سپر اقتصادی طاقت بن جائے گا اور مدھیہ پردیش اس میں اہم کردار ادا کرے گا۔مرکزی وزیر سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ نتن گڈکری نے آج برسیتاریوا میں 2443.89 کروڑ روپے کی لاگت سے 204.81 کلومیٹر کی کل لمبائی والے 7 سڑکوں کے پروجیکٹوں کا افتتاح/سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے 4 لین چرہٹ بائی پاس اور 6 لین ٹنل، ستنا سے بیلہ تک چار لین سڑک (پیوڈ شولڈرکے ساتھ)، سی آر آئی ایف کے تحت ریوا شہر میں کنکریٹ سیمنٹ سڑک، گاجن، مگروار، اٹور، کھمہڑیہ گوریاتک دو لین سڑک اور سجن پور -بچھورا، گاجن کھنڈ پر دولین سڑک کا افتتاح کیا۔ساتھ ہی بیوہاری سے آدرش گرام نیو سپٹا روڈ اور سی آر آئی ایف کے تحت دیوتالاب- نئی گڑھی روڈ کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔پروگرام کی صدارت وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے کی۔وزیر گڈکری نے انتہائی جدید ریوا-سیدھی 6 لین ٹنل کا معائنہ کیا اور کئے گئے کام کی تعریف کی۔ گڈکری نے کہا کہ ریوا-سیدھی ٹنل ہندوستان کی سب سے پہلی ’’ایکوا ڈکٹ‘‘ ہے۔ اس پر بان ساگر نہر اور سڑک بنی ہوئی ہے۔ یہ ملکی تاریخ کی ایک اہم سرنگ ہے۔ اس سے علاقے کی ترقی کو ایک نئی سمت ملے گی۔ اس سرنگ میں 300 میٹر کے بعد دوسری سرنگ سے رابطہ ہے، اس میں 46 ایگزاسٹ فین، آپٹیکل فائبر لین کے علاوہ ایل ایکس بی سی سسٹم اور فائر فائٹنگ سسٹم ہے۔ انہوں نے اس کام کے لیے متعلقہ انجینئروںکا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔
مرکزی وزیر گڈکری نے راہل دوبے، سنجے کمار سنگھ، اجیت سوائن، راکیش پٹیل، کپل شرما، اودھ سنگھ، رام ولاس سنگھ پٹیل، سومیش بانجل اور ٹیم لیڈر وویک جائسوال امتیازی ایوارڈ بھی فراہم کئے ۔ انہو ں نے ریوا کی ترقی پر مبنی ایک کتاب کا اجراء بھی کیا۔
وزیر گڈکری نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں اعلیٰ معیار کے 5 گرین فیلڈ ایکسپریس ویز/ہائی ویز بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ چوہان سے کہا کہ ان قومی شاہراہوں کے قریب لاجسٹک پارک اور صنعتی علاقہ تیار کیا جانا چاہئے۔ ممبئی-دہلی ایکسپریس وے کا 245 کلومیٹر کا حصہ مدھیہ پردیش میں بنایا جائے گا۔ اٹل پروگریس وے، اندور-حیدرآباد 6 لین، اجین- گروٹھ 4 لین اور آگرہ-گوالیار گرین فیلڈ ہائی وے بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زیر اعلیٰ چوہان کے مطالبہ پر نرمدا پری کرما پتھ کے تمام گمشدہ لنکس کو مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ یہ بھی کہا کہ ریاست کی سڑک ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام تجاویز کو منظوری دی جائے گی۔
مرکزی وزیر گڈکری نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں صنعتوں کے لیے تمام ضروری سہولیات موجود ہیں، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا بہترین نظام موجود ہے۔ ریاست میں آبپاشی کے ذرائع کی ترقی کی وجہ سے زراعت کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ آج مدھیہ پردیش زراعت کے شعبے میں ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ چوہان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مدھیہ پردیش وِندھیا خطے کی ترقی میں بھی آگے ہے۔ وزیر اعلیٰ چوہان دوسرے علاقوں کے لیے ایک روپیہ دیتے ہیں، وہ وندھیا علاقے کی ترقی کے لیے سوا روپیہ دیتے ہیں۔ ریاست میں امرت سروور کی تعمیر کا بھی اچھا کام چل رہا ہے۔