مرادآباد 10 دسمبر (ہ س)۔ ہمارے ملک کو یکساں سول کوڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے ملک کو ترقی کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو روزگار چاہیے۔ خواتین کو تحفظ کی ضرورت ہے۔ ملک کی خستہ حال سڑکوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) اتر پردیش کے صدر شوکت علی نے ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر شوکت علی آنے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پورے اترپردیش میں جلسوں اور کانفرنسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ مرادآباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کے بعد شوکت علی نے کہا کہ اترپردیش میں شوگر ملیں بند پڑی ہیں، انہیں شروع کرنے کی ضرورت ہے، یکساں سول کوڈ ایکٹ کی نہیں۔
شوکت علی نے مزید کہا کہ اگر آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم کو موقع ملا تو ریاست کی تصویر بدل جائے گی۔ اتر پردیش حکومت جرائم کو روکنے کے معاملے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ جب نوجوان ریاست میں نوکری مانگتے ہیں تو ان سے مندروں کے نعرہ لگوا کر گمراہ کیا جاتا ہے۔