پٹنہ، 11 دسمبر(اے بی این ایس)۔ بہار کانگریس کے نو منتخب ریاستی صدر اکھلیش سنگھ آج دہلی سے پٹنہ واپس آئے ہیں۔ پٹنہ ایئر پورٹ پر بہار کے مختلف اضلاع سے آئے ہزاروں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ ریاستی انچارج بھکت چرن داس بھی پٹنہ آئے ہیں۔ اس دوران کارکنوں نے ڈھول باجے کے ساتھ اکھلیش سنگھ زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اکھلیش سنگھ کے ریاستی صدر بننے سے کارکن پرجوش ہیں۔کارکنوں کا ماننا ہے کہ بہار میں کانگریس تنظیم میں نئی جان آئے گی اور تنظیم بہت مضبوط ہوگی۔ اکھلیش سنگھ کے ساتھ سابق مرکزی وزیر آنند شرما اور لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار بھی کچھ دیر بعد پٹنہ ایئرپورٹ پہنچیں گی۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر دو گاڑیاں لائی گئی ہیں ۔ اکھلیش سنگھ کھلی جیپ میں ہوائی اڈے سے نکلیں گے اور نہرو پتھ پر واقع نہرو پارک جائیں گے۔ جہاں سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے مجسمہ پر گلپوشی کریں گے ، اس کے بعد باپو آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔کارکنوں کا خیال ہے کہ بہار میں کانگریس کی حالت اب بہتر ہوگی اور تنظیم اتنی مضبوط ہوگی کہ بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو الگ تھلگ کردے گی ۔ واضح ہو کہ کانگریس نے ایک بار پھر صدر کا عہدہ اعلیٰ ذاتوں کو دیا ہے۔ جس ذات کے طبقے سے وہ آتے ہیں اور ذات کے طبقے کے لوگوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ پٹنہ ، ارول ، گیا ، جہان آباد اضلاع سے بڑی تعداد میں کارکن پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچ چکے ہیں۔ راہل گاندھی زندہ باد اور اکھلیش زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔