پٹنہ (پریس ریلیز)جماعت اسلامی ہند کے قیام کے 75 سال اگلے چند مہینوں میں مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ اس موقع سے جماعت ملت اور ملک کے عوام کے دوران وسیع پیمانے پر اپنا تعارف کرائے گی۔ ساتھ ہی تمام سطح پر اپنی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور نئے عزائم کے ساتھ جدید اسلوب میں اقامت دین کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس کے لئے جماعت نے ’جدوجہد کے 75 سال ‘ کے عنوان سے آئندہ سال اپریل تک مختلف النوع پروگرام چلائے گی۔ مجوزہ پروگرام کے تعلق سے ارکان و کارکنان کے اورینٹیشن کے لئے جماعت اسلامی ہند بہار کی جانب سے ایک تفہیمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں مقام ،علاقہ اور حلقہ سطح کے مختلف ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند گزشتہ 75 سالوں سے ملک و ملت کی ہمہ جہت خدمت انجام دے رہی ہے۔ اس کی تاریخ روشن اور تابناک رہی ہے۔ عوام و خواص کو جماعت اسلامی ہند کی خدمات سے واقفیت ناگزیر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 16 تا 18 اپریل ، 1948کو الہ آباد میں اجتماع ارکان ہوا تھاجس میں جماعت اسلامی ہند کی تشکیل نوکی گئی تھی۔ اس طرح 16 اپریل 2023 کو جماعت جدوجہد کے 75سال مکمل کر لے گی۔
امیر حلقہ نے کہا کہ اپنی تاسیس سے لے کر جماعت نے تعمیر ملت، خدمت خلق، تعلیم ، افراد سازی و کردارسازی، لٹریچر کی تیاری، قیام عدل و قسط اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سمیت کئی شعبوںمیں نتیجہ خیز کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت نے ہندوستانی مسلمانوں میں مثبت و تعمیری سوچ کو پروان چڑھایا اور دین کا جامع تصور پیش کیا۔
ساتھ ہی اتحاد بین المسلمین کی عملی کوشش کی۔علاوہ ازیں،برادران وطن میں اسلام کے تئیں پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کرکے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کی ہے۔ بعد ازاں ایک پریس اعلانیہ میں مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ 75 سال کے موقع سے جماعت اسلامی ہند بہار نے کئی مخصوص پروگرام طے کئے ہیں۔ اس کے تحت جماعت کے تعارف کے لئے نئے لوگوں اور سماج کے سربرآوردہ افراد سے انفرادی و اجتماعی روابط قائم کئے جائیں گے۔ان میں صحافی، علماء و قائدین ملت، دانشوران، ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ، جج اور وکلاء،تمام مذاہب کے دھرم گرو شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، اہم شخصیات کی جماعت سے متعلق آراء پر مشتمل ویڈیو تیار کیا جائے گا اور اس کی تشہیر کی جائے گی ۔
