پٹنہ ، 13 دسمبر (اے بی این ایس)۔بہار قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن منگل کے روز بی جے پی ارکان نے ہنگامہ کیا۔ قانون ساز اسمبلی کے مین گیٹ پر بی جے پی ممبران اسمبلی نے روزگار کے مسئلہ پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت پر الزام لگایا کہ وہ نوکریوں کے نام پر نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ حال ہی میں بی جے پی نے ریاستی حکومت کی طرف سے مختلف محکموں کے اہلکاروں میں تقرری نامہ کی دوبارہ تقسیم کے لیے حکومت پر سخت حملہ کیا۔
قبل ازیں اسمبلی کے کوریڈور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مدھوبنی ضلع کے بسفی اسمبلی سے بی جے پی کے فائربرانڈ ایم ایل اے ہری بھوشن ٹھاکر عرف بچول نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار مسلسل اپنی میٹنگوں میں تیجسوی کو بہار کی باگ ڈور سنبھالنے کی بات کرتے ہیں۔ لیکن نتیش کمار کچھ کہتے ہیں کچھ اور کرتے ہیں کچھ اور ۔ نتیش کمار تیجسوی یادو کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ نتیش کا وزیر اعظم بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا اور اب وہ کسی بھی قیمت پر وزیر اعلیٰ کی کرسی نہیں چھوڑنے والے ہیں۔بی جے پی ایم ایل اے بچول نے کہا کہ نتیش کمار نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اتنے عرصے تک بی جے پی کو دھوکہ دیا اور اب وہ تیجسوی کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ نتیش کمار کے قول و فعل میں بڑا فرق ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ نہیں بننا چاہتے تھے اور بی جے پی کے کہنے پر بہار کے وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو انہیں تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہیے ، بی جے پی انہیں وزیر اعلیٰ رہنے کے لیے نہیں کہہ رہے ہیں۔ نتیش کمار وزیر اعلیٰ کی کرسی نہیں چھوڑیں گے اور وہ صرف تیجسوی یادو کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔بچول نے کہا کہ نتیش حکومت روزگار کے نام پر نوجوانوں کو دھوکہ دے ر ہے ہیں ۔ مہینوں سے کام کرنے والوں کو دوبارہ تقرری لیٹر تقسیم کرکے عوام میں کنفیوژن پھیلارہے ہیں۔
