پٹنہ (اے بی این ایس) بی جے پی رہنما شراب بندی پالیسی کی مخالفت کرکے اپنے خاتون مخالف چہرے کی نمائش کررہے ہیں۔ کیونہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے خواتین کی مانگ پر ان کے مفاد میں شراب بندی قانون نافذ کیاتھا۔ شراب کا سب سے زیادہ نقصان خواتین کو ہی ہوتا ہے۔ انہیں گھر میں گھیریلو تشدد کا شکار ہونا پڑتا تھا۔ شراب بندی سے خواتین کو اس برائی سے ہورہی پریشانی سے نجات ملی ہے اور ان کے گھروں میں خوشگوار ماحول قائم ہوا ہے اور اقتصادی خوشحالی آئی ہے۔ یہ باتیں بی جے پی کے ذریعہ وزیراعلیٰ نتیش کمار پر الزام کے معاملے پر حکومت بہار کی وزیر لیسی سنگھ نے کہی۔ انہون نے کہا کہ بی جے پی اپنے اس رویہ سے خواتین مخالف چہرے کی نمائش کررہی ہے۔ جس کا بہار کی خواتین کی مدد سے سخت احتجاج کیاجائےگا۔انہوں نےکہاکہ بی جے پی کی شراب بندی پالیسی پر دوہرے کردار کا بہار کی خواتین کے اتحاد سے پردہ فاش کیاجائےگا۔ بہار کی خواتین وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ ان کے مفاد میں شراب بندی پالیسی کو کسی بھی حال میں ختم کرنے کی حزب مخالف کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ اس سلسلے میں بہار کی خواتین کو متحدکرکے بی جے پی کی اس سیاسی سازش کا پردہ فاش کرنے کیلئے جلد ہی ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمارکی خواتین اختیار کاری مہم اور شراب بندی سے خواتین کا جھکائو وزیراعلیٰ نتیش کمار کی طرف رہتاہے۔ اس سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے۔ اسی سیاست کے تحت وزیراعلیٰ نتیش کمار پر بی جے پی شراب بندی پالیسی کو ختم کرنے کا دبائو بنارہی ہے جسے بہار کی خواتین کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ وزیر لیسی سنگھ نے کہا کہ بہار کی خواتین وزیراعلیٰ نتیش کمار کی شراب بندی پالیسی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہیں اور اس کی کامیابی کیلئے متحد ہیں۔ چونکہ بی جے پی کو مہاتماگاندھی کے نظریات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ شراب بندی کے خلاف ہے۔