دوحہ : ارجنٹائن کا 36 سالہ انتظار ختم ہوگیا، لیونل میسی نے بالآخر ارجنٹائن کے لیے سب سے بڑا ٹورنامنٹ جیت کر انہیں تیسری بار ورلڈ کپ کا فاتح بنا دیا ہے۔ فائنل میں فرانس کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اتوار کو قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کیلین ایمپابے کی ہیٹ ٹرک بھی فرانس کو مسلسل دوسری بار فتح نہ دلاسکی جب کہ ایونٹ کا فائنل کھیل کر لیونل میسی نے کئی ریکارڈز بنائے، جس میں سب سے زیادہ 26 ورلڈ کپ میچ کھیلنے کا ریکارڈ شامل ہے۔ٹورنامنٹ کی 82 سالہ تاریخ میں کسی کھلاڑی نے ان سے زیادہ میچز نہیں کھیلے۔اس کامیابی کے ساتھ ہی 2010 کے بعد پہلی بار کوئی ایسی ٹیم ورلڈ چیمپئن بنی جس نے ایونٹ کا آغاز شکست کے ساتھ کیا ہوا، 12 سال قبل اسپین کے ساتھ ایسا ہوا تھا اور اس بار سعودی عرب نے ارجنٹائن کو پہلے میچ میں ہرا کر اپ سیٹ شکست دی تھی۔اس فتح کے ساتھ ارجنٹائن کی ٹیم تین بار ٹرافی جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ورلڈکپ جیتنےکا ریکارڈ برازیل کے پاس ہے جب کہ اٹلی اور جرمنی چار چار بار ٹرافی جیتنے کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ارجنٹائن نے اس سے قبل دو بار یہ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ارجنٹائن نے پہلی بار 1978 میں ورلڈ کپ جیتا تھا جب کہ دوسری مرتبہ 1986 میں ڈیاگو میراڈونا کی قیادت میں ٹرافی اپنے نام کی تھی۔آئندہ چار سال تک فرانس کی ٹیم یوراگوئے کی طرح دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والی ٹیم کہلائی جائے گی۔فرانس نے یہ ٹرافی 1998 اور 2018 میں اپنے نام کی تھی جبکہ 2006 اور 2022 میں اسے رنرز اپ ٹرافی پر اکتفا کرنا پڑا۔سابق چیمپئن ارجنٹائن اور دفاعی چیمپئن فرانس میں سے کون سی ٹیم تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن بنے گی، اس کا فیصلہ یا تو اضافی وقت میں ہو سکتا تھا لیکن دونوں ٹیموں نے مزید ایک ایک گول کیا جس کے بعد میچ پنلٹی شوٹ آؤٹ کی طرف گیا ۔میچ کے آغاز میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے 108ویں منٹ میں میچ کا دوسرا اور ارجنٹائن کا تیسرا گول اسکور کیا، جسے 10 منٹ بعد فرانس کے ایمپابے نے پنلٹی کک پر برابر کردیا۔فرانس کی جانب سے تیسرا گول اسکور کرکے ایم پابے نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، 1966 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی کھلاڑی نےورلڈ کپ کے فائنل میں تین گول اسکور کئے ہوں۔آخری بار یہ کارنامہ 1966 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کے جیف ہرسٹ نے مغربی جرمنی کے خلاف انجام دیا تھا۔میچ کا پہلا ہاف اگر ارجنٹائن کے نام تھا تو دوسرا فرانس کے، ارجنٹائن کی جانب سے پہلے ہاف کے ہیرو نہ لیونل میسی تھے نہ ہی جولین ایلواریز، بلکہ اینجل ڈی ماریا جنہوں نے پہلے ہاف میں ہونے والے دونوں گول میں اہم کردار ادا کیا۔
انہی کی کوشش کی وجہ سے ارجنٹائن کو 23ویں منٹ میں وہ پنلٹی کک ملی جس پر میسی نے ورلڈ کپ کا بارہواں گول اسکور کیا، جب کہ 13 منٹ بعد ان کی فیلڈ نے اس برتری کو دگنا کردیا۔