پٹنہ، 22 دسمبر ( اے بی این ایس )وزیراعلی نتیش کمار کے سامنے چوتھے ایگریکلچر روڈ میپ کی تشکیل کے لیے 1 انے مارگ پر واقع ‘سنکلپ ایک پرزنٹیشن دیاگیا۔پریزنٹیشن کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب تک کے تینوں زرعی روڈ میپ میں بہت کام ہو چکا ہے۔ فصلوں کی پیداوار اور پیداواری میں اضافہ ہوا ہے۔ الگ الگ زرعی فیڈرز کا انتظام کرکے کسانوں کو آبپاشی کے کام میں سہولت فراہم کی گئی۔ جل ، جیون ہریالی مہم کے تحت پانی کو محفوظ کرنے اور گرین کور کو بڑھانے کے لیے بہت سے کام کیے گئے ہیں۔
ہر کھیت کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنے کا کام کیا جا رہا ہے، تاکہ کسانوں کو کھیتی کے کام میں زیادہ سہولت فراہم ہو۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چوتھے زرعی روڈ میپ میں زراعت کی جدید کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کریں۔
پیداوار کی مارکیٹنگ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ریاست کی پیداوار کی برانڈنگ اور زرعی بازار کی ترقی کے حوالے سے منصوبہ بند طریقے سے کام کریں۔ بلاک سطح پر ای کسان بھون میں کسانوں کو آسانی سے زراعت اور زرعی مصنوعات سے متعلق تربیت اور معلومات فراہم کرائیں۔ آب و ہوا کے موافق کاشت کاری اورآرگینک کھیتی پر بہتر عمل درآمدکے لیے کام کریں، ریاست میں ہی بہتر معیار کے بیج تیار کریں، اور ساتھ ہی فصل کی باقیات مینجمنٹ کے آلات یہیں تیار کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چور علاقے کی ترقی کے لیے “نیچے مچھلی اوپر بجلی “پیدا کرنے کی اسکیم پر بہتر طریقہ سے کام کریں۔
فصلوں کے تنوع کے لیے کسانوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سبزیوں اور مکھانہ کی اچھی پیداوار ہورہی ہے، اس کی پیداوار کرنے والوں کو مزید پیداوار کے لیے حوصلہ افزائی کے ساتھ سہولیات فراہم کریں۔ سبزیوں اور مکھانہ کی پیداوار کی مارکیٹنگ کے لیے بہتر کام کریں۔
کسانوں کو چاول، گندم کے علاوہ دیگر فصلیں پیدا کرنے کی ترغیب دیں۔ مویشیوں کی نسل کی بہتری اور جانوروں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مویشی سے متعلق مصنوعات کے شعبے میں ویلیو انتخاب اور برآمدات کے فروغ کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی پروری کے لیے نئے آبی ذرائع کی تخلیق اور ترقی پر کام کریں۔ واٹر لاگنگ سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے علاقے کے حساب سے منصوبہ تیار کریں۔ریاست میں 17 فیصد گرین کور کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے شجر کاری زیادہ تیزی سے کرائیں۔
میٹنگ میں سکریٹری، محکمہ زراعت ،مویشی و ماہی پروری وسائل مسٹراین سرون کمارنے پریزنٹیشن کے ذریعے چوتھے ایگریکلچر روڈ میپ کے حوالے سے ہونے والی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم دیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کئی محکموں نے اس کی تیاریوں کے حوالے سے کئی نکات پر بہت تبادلہ خیال کیاگیاہے۔پرزنٹیشن کے دوران سبزیوں کی نشوونما، شہد کی مکھیوں کو پالنا، زرعی تنوع، ایگریکلچر میکانائزیشن، آبپاشی اورپانی کی نکاسی ، ذخیرہ اور خریداری، آبپاشی اورکراپنگ انٹینسٹی، پروسیسنگ، ڈیٹاجمع کرنا، زراعت کی تعلیم، باغبانی کی ترقی، آب و ہوا کے موافق زراعت پروگرام، آرگینک کاشتکاری،ویٹنری ایجوکیشن، مٹی اور پانی کے تحفظ، ڈیجیٹل زراعت اور دیگر نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
میٹنگ میں مالیات، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے مشیر انجنی کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری عامر سبحانی،ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر وویک کمار سنگھ، مالیات محکمہکے ایڈیشنل چیف سکریٹری و وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، سکریٹری، زراعت،مویشی وماہی پروری وسائل محکمہ مسٹر این سرون کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم۔ کمار اور وزیر اعلی کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ موجود تھے۔