پٹنہ (اسٹاف رپورٹر) حکومت اور عوام کے درمیان راست بات چیت کرنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ہدایت پر جدیو کے ریاستی دفتر میں ہونے والے ’کارکنان کے دربار میںمعزز وزراء‘ پروگرام میں جمعرات کو توانائی اور منصوبہ اور ترقیات کے وزیر وجیندرپرساد یادو اور سماجی فلاح محکمہ کے وزیر مدن سہنی شامل ہوئے۔ انھوں نے ریاست کے مختلف حلقوں سے آئے لوگوں کے مسائل کو سن کر ان کاحل کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دی۔ اس موقع پر ریاستی خزانچی وممبر کاؤنسل للن کمارصراف بھی موجود رہے۔ کارکنان کے دربار میں معزز وزراء پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے توانائی، منصوبہ اور ترقیات کے وزیر وجیندرپرساد یادو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گجرات میں کورونا کا معاملہ ملنے کو لے کر بہار میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کل ہی صاف کہا ہے کہ ہم الرٹ ہیں۔ پہلے بھی کورونا پر جتنا کام کیاگیا ہے حکومت ہند کی جانب سے بہترین کام کرنے کیلئے بہار کو ریوارڈ بھی ملا ہے۔ راہل گاندھی کی یاترا ملتوی ہونے سے متعلق مرکزی وزیر کے بیان کو انھوں نے پالیٹیکل معاملہ بتاتے ہوئے کہا کہ ماسک لگانا،بھیڑ بھاڑ سے تھوڑا بچ کررہنا ضروری ہے۔ وجیندر پرساد یادو نے زہریلی شراب سے ہوئی موت پر معاوضہ دینے کی بھاجپا کی مانگ کی روشنی میں کہا کہ اس معاملے میں معاوضہ دینے کاکوئی قانون نہیں ہے۔
حکومت ہند کے تخمینہ بتاتے ہیں کہ زہریلی شراب سے سب سے زیادہ موت مدھے پردیش میں ہوئی ہے۔ بھاجپا کے لوگ وہاں معاوضۃ کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت رہی ہے آئین میں کیا پروویزن ہے ، کابینہ کا کام ہے وزیر اعلیٰ کو تعاون کرنا اور صلاح دینا۔ بھاجپا 2005 میں 52-53سیٹ جیتی تھی اور 2015 میں ہم لوگوں سے الگ ہولڑنے پر بھی 58سیٹ جیتی۔ 2020 میں دھوکہ دے کر لوجپا کو پیسہ ان کو کھڑا کر ہم لوگوں کو ہرانے اور اپنی سیٹ بڑھانے کاکام کیا۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اتحاد کوئی غلامی نہیں ہوتی ہم لوگ برابر سیٹ پر سمجھوتہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بیگوسرائے میں جو پل ٹوٹا ہے وزیر بھاجپا کے ہی تو تھے۔ غلط سامان لگایاتو وزیر کیا کر رہے تھے۔ وزیر سماجی فلاح مدن سہنی نے بھاجپا پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عوام کو صرف ٹھگنے کاکام کرتے ہیں جبکہ بہار میں ہمارے لیڈر نتیش کمار کا یقین کام کرنے پر ہے۔ انھوں نے راجگیر، گیا، بودھ گیا اور نوادہ میں گھر گھر گنگا جل پہنچایا۔ مختلف ریاستوں اور مرکز کی حکومتوں نے بہار کی ناجانے کتنی پالیسیوں اور منصوبوں کو اپنایا ہے۔
بہار کے پنچایتوں میں خواتین اور او بی سی کو ریزرویشن دینے کاکام کیاگیا ۔ خواتین کو ہر حلقے میں ریزرویشن دیاگیا ۔ سائیکل یوجنا سے لے کر پوشاک وغیرہ میں کوئی بھید بھاؤ نہیں لوتا۔ ہمارے لیڈر بولنے میں نہیں کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔
