پٹنہ، 25 دسمبر (اے بی این ایس )سابق وزیر اعظم بھارت رتن آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کی یوم پیدائش تقریب آج پوری ریاست میں منائی گئی۔ آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کے یوم پیدائش پر پٹنہ کے پاٹلی پتر پارک میں سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلی نتیش کمار نے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ مجھے اٹل بہاری واجپائی جی کی قیادت میں کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے بہت کام کیا۔ ممبر پارلیمنٹ کے طور پر بھی ان کے ساتھ میرا بہت اچھا تجربہ تھا۔ میں ہمیشہ ان کی باتیں غور سے سنتا تھا۔ ہم لوگ بعد میں ان کے ساتھ آئے اور ان کی قیادت میں مرکز میں حکومت بنی۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے جس طرح کام کیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ہماری بہت عزت کرتے تھے، انہوں نے ہمیں تین محکموں میں کام کرنے کا موقع دیا۔ ہمارے ان محکموں کی جو بھی تجویز ہوتی، وہ اسے منظور کرتے تھے اور اسے مکمل کرواتے۔ محترم اٹل جی میری بہت عزت کرتے تھے، میرے دل میں ان کے لیے بہت احترام کا جذبہ ہے، ہم انہیں کبھی نہیں بھول سکتے۔ ہم نے ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست میں ایک سرکاری تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور یہاں تقریب کا انعقاد بہتر طریقہ سے کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر مالیات، کمرشیل ٹیکس وپارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، عمارت تعمیر ات کے وزیر اشوک چودھری، سابق وزیرو رکن اسمبلی نند کشور یادو، رکن قانون ساز کونسل سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، رکن قانون ساز کونسل سنجے کمار سنگھ رکن قانون ساز کونسل مسز کمود ورما سمیت کئی معززین، سماجی اور سیاسی کارکنوں نے بھی آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے فنکاروں نے آرتی پوجا، اور حب الوطنی کے گیت بھی گائے۔
