گورنر پھاگو چوہان ، وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آنجہانی ارون جیٹلی کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا

پٹنہ، 28 دسمبر (اے بی این ایس )سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی جی کے یوم پیدائش پر،سرکاری یوم پیدائش تقریب کا انعقاد پی سی کالونی،کنکڑباغ واقع سیکٹر-اے، پارک نمبر-31میں کیا گیا۔ گورنر پھاگو چوہان اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آنجہانی ارون جیٹلی کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیوش چندر ٹھاکر، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، مالیات، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، آبی وسائل و اطلاعات اور رابطہ عامہ کے وزیر سنجے کمارجھا، سابق وزیر ورکن اسمبلی نند کشور یادو، قانون ساز کونسل کے رکن سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، ریاستی شہری کونسل کے سابق جنرل سکریٹری اروند کمار سنگھ سمیت کئی معززین، سماجی اور سیاسی کارکنوں نے بھی آنجہانی ارون جیٹلی کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔.
اس موقع پر محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے فنکاروں کی جانب سے آرتی پوجا،بہار کے گیت اور حب الوطنی کے گیت بھی گائے گئے۔
پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترم ارون جیٹلی جی کے ساتھ ہمارا پرانا تعلق تھا۔ ارون جیٹلی جی کا بھی جے پی تحریک میں کردار تھا۔وہ دہلی میں تھے ہم لوگوں کا اسی وقت سے رابطہ تھا۔ بعد میں جب ہم عزت مآب اٹل جی کی حکومت میں آئے تو ان سے ہمارا رشتہ مزید مضبوط ہو گیا۔ بی جے پی سے علیحدگی کے بعد بھی ہمارے ان کے ساتھ ذاتی تعلقات تھے۔ انہوں نے ملک اور مختلف ریاستوں کے لیے بہت اچھا کام کیا۔ شروع سے ہی ان کے تئیں ہمارے دل میں احترام کا جذبہ تھا۔ جب ہم سال 2005،2010میں بہار میں انتخاب لڑ رہے تھے تووہی یہاں کے انچارج تھے۔ اس زمانے میں جب وہ حلقہ سے گھوم کر آتے تھے تو ہم لوگ رات کوایک ساتھ بیٹھتے تھے۔ بہت دکھ کی بات ہے کہ ان کا اتنی کم عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کی موت کے بعد، ہم نے بہار میں ان کی سالگرہ پر ایک سرکاری تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ سال 2019 میں ان کا مجسمہ نصب کیا گیا اور پروگرام منعقد کیے گئے۔ جب تک ہم زندہ رہیں گے،ہمیشہ ان کے تئیں ہمارا کا احترام کا جذبہ قائم رہے گا۔

 

About awazebihar

Check Also

مرکزی حکومت پورے ملک کی تاریخ ہی بدل رہی ہے : نتیش

پٹنہ،04 مئی:(اے بی این )صوبہ بہار کے پہلے وزیر اعظم مرحوم محمدیونس جی کے یوم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *