ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے سےتباہی، 2300 سے زائد افراد ہلاک

انقرہ/ دمشق، 6 فروری () ترکیہ کے جنوب اور شمالی شام میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ترکیہ میں ایک ہزار 121 اور شام میں 783 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 121 ہوگئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوسری جانب شام میں 783 ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں دونوں ممالک میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 904 ہوگئی ہے۔اس سے قبل غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ ملکی تاریخی میں سب سے شدید زلزلے کے نتیجے میں 912 افراد جاں بحق اور 5 ہزار 383 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ 1939 کے بعد ملک میں آنے والی یہ سب سے بڑی آفت ہے جس میں 2 ہزار 818 گھر منہدم ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق شام کی وزارت صحت نے بتایا کہ شام کی حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 339 افراد ہلاک ہوگئے اور زلزلےکا مرکز جنوب مشرقی ترکیہ میں تھا۔
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شام کے مختلف شہروں حلب، حما، لطاکیہ اور طرطوس سمیت حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں زلزلے سے 339 افراد ہلاک اور لگ بھگ ایک ہزار 89 زخمی ہوگئے۔امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ملک کے شمال مغرب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں 221 افراد ہلاک اور 419 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس سے کئی شہروں میں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ پڑوسی ملک شام میں بھی نقصان ہوا ہے۔
امریکی ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی تقریباً 17.9 کلومیٹر تھی، جس کے 15 منٹ بعد 6.7 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈنسی (اے ایف اے ڈی) نے پہلے زلزلے کی شدت 7.4 رپورٹ کی۔ترک ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں ریسکیو اہلکاروں کو کہرامنماراس اور ہمسایہ شہر غازیانتپ میں عمارتوں کے ملبے کو کھودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہری جو زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ ہم جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس وقت آیا جب زیادہ تر لوگ ابھی گھروں میں سو رہے تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافےکا خدشہ ہے۔این ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ زلزلے سے مزید دو شہروں ادیامان اور ملاتیا میں بھی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سی این این ترکیہ ٹیلی ویژن نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے وسطی ترکیہ اور دارالحکومت انقرہ کے چند حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ یونین کے رکن 10 ممالک ترکیہ کے سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس، یونان، بلغاریہ، کروشیا، چیک ری پبلک، ہنگری، مالٹا، نیدرلینڈز، پولینڈز اور رومانیہ کی ٹیمیں ترکیہ کی مدد کر رہی ہیں۔اٹلی، اسپین اور سلواکیہ بھی ترکیہ کی مدد کر رہے ہیں۔روس کے اعلیٰ حکام نے ترکیہ کے عہدیداروں سے رابطہ کیا ہے اور معاونت کی پیشکش کی ہے۔خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق روس کو یوکرین میں جارحیت کے سبب عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے البتہ وہ منصوبہ بندی کر رہا ہے کہ زلزلے کے بعد ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں مدد ارسال کر سکے۔پیر کو روسی صدر پوتن نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے رابطہ کیا تھا اور زلزلے میں نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
جاپان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ترکیہ کی مدد کے لیے ریسکیو ٹیم بھیج رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق جاپان کی ٹیم میں 75 امدادی کارکن شامل ہیں۔ابتدائی طور پر 18 افراد پر مشتمل گروپ کو ترکیہ روانہ کر دیا گیا ہے جن میں وزارت خارجہ، پولیس، ہنگامی امداد کے ادارے، کوسٹ گارڈز سمیت دیگر اداروں کے ارکان شامل ہیں۔
سوئٹزر لینڈ کے ریسکیو میں مدد دینے والے کتوں کے ادارے نے ترکیہ مدد کے لیے کتے بھیجنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔رپورٹس کے مطابق عملے کے 22 ارکان کے ساتھ 14 کتے ترکیہ بھیجنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔یہ کتے زلزلہ زدہ علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کو ڈھونڈنے میں معاونت کریں گے۔
برطانیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے 76 ارکان پر مشتمل عملہ بھیجے گا۔ان میں ریسکیو اسپیشلسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ مدد کے لیے آلات اور کتے بھی بھیجے جائیں گے۔برطانیہ نے میڈیکل ٹیم بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔برطانوی حکام کے مطابق ان کا انقرہ میں سفارت خانہ ترک حکام سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بھر پور مدد کی جا سکے۔

About awazebihar

Check Also

ممبئی نے گرین، گیند بازوں کی بدولت فتح کی ہیٹ ٹرک لگائی

حیدرآباد، 18 اپریل (یو این آئی) آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین کی شاندار نصف سنچری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *