پٹنہ 07فروری ،(اے بی این )وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ‘سمادھان یاترا کے دوران مونگیر ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے جمال پور بلاک کے گلال پور میں سوختہ واٹر مینجمنٹ یونٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ’پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ یونٹ‘ کا ربن کاٹ کر اور تختی کی نقاب کشائی کر کے افتتاح کیا اور وہاں پلاسٹک کترن مشین کو اسٹارٹ کر کے اس کے کام کے طریقہ کار کو دیکھا۔ وزیر اعلیٰ نے کمبل مینوفیکچرنگ یونٹ کا فیتہ کاٹ کرافتتاح کیا۔ انہوں نے ضلعی صنعتی فروغ اسکیم کے تحت پال ہینڈلوبنکر ایسوسی ایشن کے لوگوں سے ملاقات کی اور جیویکا سیلف ہیلپ گروپ کو 4 لاکھ 12 ہزار روپے کا علامتی چیک دیا۔ انہوں نے ’وزیر اعلیٰ ایس سی ، ایس ٹی اُدمی اسکیم‘ کے تحت چنے اور گندم کی چوکر والا آٹا ، ستو کی مالی اعانت سے چلنے والے ایس کے انٹرپرائزز کا افتتاح کیا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے آدرش آنگن باڑی سنٹر منگرا کا معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور بچوں ،بچیوںسے بات کی۔ وہاں حمل کے دوران ہیلتھ چیک اپ سنٹر اور نیوٹریشن انفارمیشن سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے گودبھرائی کے بعدانہ پراشن(بچے کوپہلی مرتبہ دانہ کھلانا)کی شروعات کی۔ وزیر اعلیٰ کنیا اتھان منصوبہ کے مستفیدین کوعلامتی چیک دیئے گئے۔ مختلف محکموں کے ذریعہ لگا ئی گئی نیرا کی مصنوعات، بانس کی مصنوعات، سکھوا بھوجپترکی مصنوعات سمیت دیگر مصنوعات کے اسٹال کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے منگرا پوکھر میں واقع سدھی تالاب کا معائنہ کیا اور اس میں مچھلی چھوڑی اور تالاب کی منتقلی کا لیٹر جیویکا دیدیوں کو سونپا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر فارسٹری کالج مونگیرکے نیم پلیٹ کی نقاب کشائی کر کے افتتاح کیااور کالج احاطہ کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔ وزیر اعلیٰ نے آڈیٹوریم کا بھی معائنہ کیا اورفارسٹری کالج پر مبنی ایک مختصر فلم دیکھی۔ مسٹر اروند کمار چودھری، پرنسپل سکریٹری ماحولیات جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی محکمہ اور مسٹر کمار روی سکریٹری عمارت تعمیرات محکمہ نے وہاں کے انتظامات کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس احاطہ میں مزید پودے لگائے جائیں۔ عمارتوں پر زیادہ سولر پلیٹیں لگائیں۔ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور تفریح کا انتظام رکھیں۔طلبا ،طالبات کو کسی طرح کی دشواری نہ ہو اس کا خیال رکھیں۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا – ہم ہمیشہ مونگیر آتے رہے ہیں۔ مونگیر ملک کے افسانوی مقامات میں سے ایک ہے۔ ہم اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ بہار میں فارسٹری کالج کے قیام کی بات آئی تو ہم لوگوں نے طے کیا کہ یہ مونگیر میں ہی بنے گا۔ اس کالج کو بہت خوبصورت بنایا گیا ہے۔ ہم نے اس کا جائزہ لیا ہے۔ حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے ہم دورہ کر رہے ہیں۔ فارسٹری کالج کا ذکر باہر بھی ہونے لگا ہے۔ بہت سے طلباءاس میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اسے اتنا اچھا بنایا گیا ہے کہ بہت سے لوگ اسے دیکھنے بھی آئیں گے۔ مونگیر کے لیے فارسٹری کالج بہت ہی اہم ہے۔ انجینئرنگ کالج پہلے ہی بن چکا ہے۔ میڈیکل کالج بھی تعمیرہونے والا ہے۔
گنگا ندی میں پائے جانے والی ڈولفن کو محفوظ رکھنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کے لیے جو بھی ضروری ہوگا ہم کریں گے۔ اس سلسلہ میں ہم لوگ شروع سے ہی کام کر رہے ہیں۔ اس بار بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خشک سالی کے حالات میں بھی ہم نے یہاں آکر ہر ایک کا حال دریافت کیا تھا اور حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے اقدامات کیے تھے۔ مونگیر میں سیاحت کے امکانات کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کے لیے جو بھی ممکن ہو گا وہ کیا جائے ۔
اس دوران رکن پارلیمنٹ و جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ،مالیات وکمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات بہبود کی وزیر و مونگیر ضلع کی انچارج وزیر محترمہ انیتا دیوی، آبی وسائل و اطلاعات اور رابطہ عامہ کے وزیر سنجے کمار جھا، عمارت تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری، وزیر ٹرانسپورٹ محترمہ شیلا کماری، وزیر سائنس ٹیکنالوجی سمیت کمار سنگھ، رکن اسمبلی اجے کمار سنگھ، رکن اسمبلی راجیو سنگھ اور دیگر عوامی نمائندے ، چیف سکریٹری عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، پرنسپل سکریٹری ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی محکمہ مسٹر اروند کمار چودھری، سکریٹری محکمہ زراعت مسٹر این سرون کمار، سکریٹری عمارت تعمیرات مسٹر کمار روی، سکریٹری، محکمہ دیہی ترقیات مسٹر بالامورگن ڈی، وزیر اعلیٰ کے اوایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، جیویکا کم مشن ڈائریکٹر جل جیون ہریالی مہم مسٹر راہل کمار، مونگیر ڈویژن کے کمشنر مسٹر سنجے کمار سنگھ، مونگیر زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر سنجے کمار، مونگیر ضلع کے ڈی ایم مسٹر نوین کمار، مونگیر کے ایس پی مسٹر جگوناتھ جلاریڈی اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔