نئی حج پالیسی میں عمر کی قید ختم ، گیاسے حج کیلئے پرواز کی منظوری: عبد الحق

پٹنہ، 7 فروری ( یواین آئی ) بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیئر مین الحاج عبد الحق نے اپنے پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ محکمہ اقلیتی امور ، حکومت ہند کے ذریعہ طویل انتظار کے بعد نئی حج پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حج 2023 سے متعلقہ رہنما اصول کے مطابق عمر کی قید ختم کر دی گئی ہے لہٰذا حج 2023 کے لئے ہر عمر کے لو گ حج درخواست فارم پُر کرنے کے اہل ہونگے۔70 سال سے زیادہ عمر کے حج کے خواہشمند افراد کو بھی ایک معاون کے ساتھ سفر حج پر جانے کی اجازت ہوگی۔حج2023کے لئے گیا سے پرواز کی اجازت دے دی گئی ہے۔ لہٰذا بہار کے عازمین و عازمات گیا امبارکیشن پوائنٹ سے حج کے سفر پر روانہ ہونگے۔ 45 سال سے زیادہ عمر کی ایسی خواتین عازمات جن کے ساتھ کوئی محرم نہ ہو وہ بھی بغیر محرم کے حج 2023 کے لئے حج درخواست فارم پُر کرنے کی اہل ہونگی ۔
نئی حج پالیسی کے مطابق اس سال معذور افراد کو بھی ایک معاون کے ساتھ حج پر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایک کور(Cover) میں 1سے لیکر 4 بالغ افراد اور 2 شیر خوار بچے شامل ہو سکتے ہیں؛ مگر ایک کور میں ایک خاندان کے ہی قریبی رشتہ دار شامل ہو سکتے ہیں۔ امید ہے کہ آئندہ کچھ دنوں کے اندر حج کمیٹی آف انڈیا ،ممبئی کے ذریعہ حج 2023 کا باضابطہ اعلان ہوتے ہی حج درخواست فارم پُر کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔ حج درخواست فارم آن لائن اور آف لائن دونوں طریقہ سے پُر کرنے کی اجازت ہوگی۔ حج کا فارم پُر کرنے کے لئے مشین ریڈیبل بین الاقوامی پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔نئی حج پالیسی کے مطابق مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی رہائش کے لئے صرف ایک ہی کیٹیگری یعنی عزیزیہ کا نظم ہوگا اور رہائش گاہ سے حرم شریف آنے جانے کے لئے بسوں کا معقول انتظام رہیگا۔ اس سال سفر حج کی مدت 30 سے 40 دنوں کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ باقی دیگر امور گذشتہ ضابطوں کے لحاظ سے ہی طئے ہونگے۔ امکان ہے کہ حج درخواست فارم کے اعلان کے ساتھ ساتھ رہنماءاصول اور گائڈ لائن آئندہ کچھ دنوں میں حج کمیٹی آف انڈیا ، ممبئی کے ذریعہ جاری کر دیا جائے گا جس سے تمام تفصیلات سے آگاہی ہوجائے گی۔موصوف نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی نے حج کا فارم پُر کرنے کے متعلق اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہے اور اعلان ہوتے ہی تمام اضلاع میں حج کا فارم اور تفصیلات ضلع کے ذمہ دار حضرات تک پہنچا دی جائیگی۔ بہار ریاستی حج کمیٹی ،ریاستِ بہار کے حج کے خواہشمند افراد کو حج کا فارم بروقت پُر کرنے میں مکمل معاونت کے لئے پابند رہیگی اور ان شاءاللہ بحسن و خوبی حج درخواست فارم پُر کرنے کے عمل کو مکمل کیا جائیگا۔
حج درخواست فارم کے متعلق مزید معلومات کے لئے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کے فون نمبر- 0612-2203315و موبائل نمبر- 8271463343 (اظہار احمد)، 9693638579 (صغیر احمد)،9308102375(محمد اختر حسین)، اور 9709647585(مفتی محمدعبیداللہ قاسمی) یا 7070810696(صفدر علی)سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 

About awazebihar

Check Also

فتویٰ پر عمل قرآن و حدیث پر عمل کرنے کے مترادف ہے

  مدرسہ معہدالقرآن ، بنڈلہ گوڑہ حیدرآبادمیں دارالافتاء کے آغاز پر علماء کرام کا خطاب …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *