رواں سال ملک میں گیس کی پیداوار میں 18 فیصد اضافہ متوقع: پوری

نئی دہلی، 9 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو لوک سبھا میں کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ہندوستان میں قدرتی گیس کی پیداوار میں 18 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
مسٹرپوری نے کہا کہ ایندھن کے لئے درآمد پرانحصارزیادہ ہونے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے باوجود حکومت نے صارفین کے لیے مصنوعات کی گھریلو قیمتوں کو ہر ممکن حد تک کم رکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ ان پر بوجھ نہ پڑے۔
ایوان میں وقفہ سوال کے دوران ارکان کے اپنی وزارت کے کام کاج سے متعلق ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے مسٹر پوری نے کہا کہ حکومت نے 6 اپریل 2022 سے ڈیزل-پٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے اور گیس کی قیمتوں میں بھی زیادہ اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجولا اسکیم کے تحت غریب خاندانوں کو خصوصی راحت دی گئی ہے اور خط غربت سے نیچے رہنے والے خاندان پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ سلنڈر خرید رہے ہیں۔
مسٹرپوری نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں ہندوستان میں گیس کی پیداوار میں 18 فیصد اضافہ ہوا تھا اور اس سال بھی اس میں 18 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان گیس کے لئے 60 فیصد یا اس سے زیادہ درآمدات پر منحصر ہے۔ سعودی عرب کی معیاری گیس کی قیمت گزشتہ دو سال میں 250 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 900 ڈالر فی ٹن ہوگئی ہے۔ اس وقت بھی قیمتیں 751 ڈالر فی ٹن کی سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس کا موازنہ ملکی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کریں تو ہم صارفین کی ضروریات کے حوالے سے حساس ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ بین الاقوامی قیمتیں کم ہوں تو ہم قیمتیں کم کرسکتے ہیں۔ مسٹر پوری نے امید ظاہر کی کہ اگلے دو تین سال میں ہم اس صورتحال سے باہر آ جائیں گے۔ ہم گھریلو اور بیرونی ذرائع سے گیس کی سپلائی میں اضافہ کر سکیں گے اور سپلائی بہتر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اجولا اسکیم کے تحت آٹھ کروڑ سے زیادہ کنکشن دیئے گئے ہیں۔ ممبران نے شکایت کی تھی کہ سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے سے گیس سبسڈی بے معنی ہو گئی ہے اور غریب خاندانوں کو اس اسکیم کا فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ ان کی آمدنی کا ایک تہائی کھانا پکانے کے ایندھن پر خرچ ہو رہا ہے۔
مسٹر پوری نے بتایا کہ اجولا اسکیم کے تحت گیس سلنڈر کی مانگ اب بڑھ کر اوسطاً 3.68 سلنڈر سالانہ ہو گئی ہے۔ کووڈ-19 وبا کے دوران، حکومت نے بی پی ایل خاندانوں کو تین سلنڈر مفت فراہم کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق حکومت 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن فراہم کرا رہی ہے تاکہ انہیں راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہاں بجلی کے بحران کی وجہ سے رات 8 بجے کے بعد کوئی بلب نہیں جلا سکتا۔

 

About awazebihar

Check Also

آئی بی سی منظم لوٹ کا مترادف بن گیا ہے: کانگریس

نئی دہلی، 02 جون (یو این آئی) کانگریس نے کہا کہ چند سال قبل ملک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *