پٹنہ: 9 جنوری(پریس ریلیز)نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بہار میں کئی برسوں سے جاری اقلیتی قرض منصوبہ ختم نہیں کیا جائے گانیز اردواسکولوں میں جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی برقرار رہے گی۔جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی قیادت میں بدھ کو نائب وزیر اعلیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران تیجسوی یادو نے کہا کہ عظیم اتحاد کی حکومت میںاقلیتوں کے ساتھ کسی طرح کی کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری پریس ریلیز میں مولانا رضوان احمد نے بتایاکہ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران اقلیتوں کے لئے مخصوص قرض منصوبہ کو ختم کئے جانے کے اندیشوں کی طرف جناب تیجسوی کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ریاستی اقلیتی رہائشی اسکول منصوبہ کے نفاذ میں پیدا کی جارہی رکاوٹوں سے بھی نائب وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایسی خبریں گشت کر رہی ہیں کہ اقلیتی قرض منصوبہ کو روزگار اور تعلیم سے متعلق عام قرض منصوبہ میں ضم کردیا جائے گا۔ ساتھ ہی وقف کی املاک پر اقلیتی رہائشی اسکول کی تعمیر کے لئے وقف کی املاک کو ٹرانسفر کرنے کا بھی شوشہ چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ وقف کی ملکیت ٹرانسفر نہیں ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے بیگوسرائے میں اقلیتی رہائشی اسکول کی تعمیر کی تجویز کو منظوری نہیں ملی۔ اس سے قبل کشن گنج اور دربھنگہ سمیت چار اضلاع میں اقلیتی رہائشی اسکول کی تعمیر کو منظوری حاصل ہو چکی ہے ۔
مولانا رضوان احمد نے بتایاکہ انہوں نے اردواسکولوں میں جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی کے متعلق پیدا کئے جارہے تنازعہ، مہا گٹھ بندھن کی پہلی حکومت میں محکمہ اقلیتی فلاح کی طرز پر 2023-2024 کا بجٹ لاٹمنٹ نیزریاست کی سات مسلم اکثریتی اضلاع میں آئی ٹی آئی اور پارا میڈیکل کالج کھولنے کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سے کہا کہ جب بی جے پی کے ساتھ نتیش کمار کی سرکار چل رہی تھی ، اقلیتی قرض منصوبہ اور اقلیتی رہائشی اسکول جیسی اسکیمیں اور جمعہ کو چھٹی جیسی رویایتیں ختم نہیں ہوئیں۔ اب جب کہ آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ عظیم اتحاد کی حکومت چل رہی ہے تو اقلیتوں سے متعلق اسکیموں کو ختم کرنے کی خبروں پر اقلیتی طبقہ میں تشویش کا ماحول ہے ۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کی تمام باتوں کو غورسے سنا اور کہا کہ وہ جلد ہی تمام ایشوز کی تفصیلات طلب کرکے ضروری کارروائی کریں گے۔ ملاقات کے دوران آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور عبدالباری صدیقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مولانا رضوان احمد اصلاحی نے نائب وزیر اعلیٰ کو جماعت اسلامی ہند کا تعارف کرایا اور اس سال اپریل میں اپنے قیام کے 75 سال مکمل کرنے جارہی اس تنظیم کی مختصر خدمات سے واقف کرایا۔ وفد میں جماعت اسلامی ہند بہار کے سکریٹری شوکت علی، ضیاء القمر،سلطان احمد صدیقی اور محمد شہزاد بھی شریک تھے۔ آخر میں وفد نے قیمتی وقت دینے کے لئے نائب وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔