پٹنہ (اے بی این) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پارلیمنٹ میں خطبہ کےبعدتشکرکی تجویز پر چرچہ کے دوران وزیراعظم نریندرمودی نے بدھ کو لوک سبھا سے خطاب کیا اوراپنی حکومت کے 9سال کی مدت کار کے کاموں کا شمار کیا۔ اس پرجے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ نے وزیراعظم نریندرمودی کواپنےنشانہ پرلیاہے۔ انہوں نےکہاکہ نقطہ چینی سے نہیں کام کرنےسےملک چلتاہے۔ جب آپ خوداپنی تعریف کرتے ہیں توپھر کہنا ہی کیا۔ للن سنگھ نے سوشل میڈیا پر لکھا،بہت افسوس ہے وزیراعظم نریندرمودی گزشتہ 9سال سے ملک کےسربراہ ہیں اور اب تک کی مدت کار میں آپ نے کیا کیا یہ بتانے کیلئےآپ کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔صدر جمہوریہ کے خطبہ پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے آپ سوا گھنٹے صرف یہی بولتے رہ گئے کہ 2004 سے 2014 تک کیاکیا ہوا۔جے ڈی یوکے قومی صدر للن سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی سے سوال بھی کیا انہوں نے پوچھا کہ وزیراعظم کویہ بتانا چاہئے تھا کہ وہ 2014سے 2023 تک آپ نے کیاکیا؟ 18ہزار کروڑ کا گھوٹالہ کس کی سرپرستی میں ہوا؟ بے روزگاری دور کرنے کےلئے آپ نے کیا کیاقدم اٹھائے؟ ہرسال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے آپ کے وعدے کا کیاہوا؟ ہر غریب کے کھاتہ میں 15سے20ہزار پہنچائیں گےآپ کے اس وعدہ کا کیاہوا؟ ملک میں بڑھتی مہنگائی کیلئے آپ نے کیاکیا قدم اٹھائے؟للن سنگھ نے کہاکہ یہ جتنے وعدے آپ نے کئے ان پر کچھ بھی نہیں کہا۔ صرف جملوں کی بدولت آپ 9سال سے حکومت کررہے ہیں۔ ملک کے عوام 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں ان سبھی معاملوں پر آپ سے حساب طلب کریں گے، فکرنہ کریں۔