ناگپور، 11 فروری (یو این آئی) ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ پر ہندوستان کے ٹسٹ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
درحقیقت ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعرات کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 46ویں اوور میں جڈیجہ اپنی انگلی پر کریم لگاتے ہوئے پائے گئے تھے۔ ویڈیو فوٹیج میں بائیں ہاتھ کے اسپنر نے محمد سراج کی ہتھیلی سے کچھ مادہ لیا اور اسے بائیں ہاتھ کی انگلی پر رگڑا تھا۔
اگرچہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے واضح کیا کہ جڈیجہ سوجن کو دور کرنے کے لیے اپنی انگلی پر کریم لگا رہے تھے، لیکن یہ عمل آن فیلڈ امپائرز سے اجازت لیے بغیر کیا گیا تھا۔ جڈیجہ نے اپنا جرم قبول کر لیا تھا جس کے بعد میچ ریفری نے باقاعدہ سماعت کی کوئی ضرورت محسوس نہیں کی۔
جڈیجہ نے کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کی، جو کھیل کی روح کے خلاف طرز عمل ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ جڈیجہ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ جوڑا گیا ہے۔ 24 ماہ کے عرصے میں یہ ان کا پہلا جرم تھا۔
میچ ریفری اس بات سے مطمئن تھے کہ کریم صرف طبی مقاصد کے لیے انگلی پر لگائی گئی تھی۔ کریم کو مصنوعی مادے کے طور پر گیند پر نہیں لگایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں گیند کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جو کہ آئی سی سی کے کھیلنے کے ضوابط کی خلاف ورزی ہوتی۔ میدان میں موجود امپائر نتن مینن اور رچرڈ ایلنگ ورتھ، تھرڈ امپائر مائیکل گف اور چوتھے امپائر کے این اننت پدمنابھن نے جڈیجہ پر یہ الزام لگایا تھا۔
خیال رہے کہ لیول 1 کی خلاف ورزی پر کم از کم آفیشل سرزنش، کھلاڑی کی میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس کا انتظام ہے۔
