حاجی پور / گورول (محمد آصف عطا) موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کی صبح صدر تھانہ علاقہ کے دولت پور گاؤں کے نزدیک حاجی پور-مظفر پور مین روڈ این ایچ 22 پر سڑک حادثے میں ایک ٹیچر کی موت ہوگئی۔مرنے والے کی شناخت رتنیش کمار ولد جگدیش سنگھ باشندہ گورول تھانہ علاقہ کے رسول پور کوریگاؤں کے طور پر ہوئی ہے۔جو اسی گاؤں کے اپ گریڈڈ مڈل سکول میں ٹیچر تھا۔وہ ہفتہ کی صبح 4 بجے حاجی پور ڈاکٹر کے پاس اپنے بیمار والد کو دکھانے کے لیے جا رہا تھا کہ دولت پور کے قریب مخالف سمت سے آرہا ایک ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئ۔اس کی خبر ملتے ہی گورول تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال حاجی پور بھجوا دیا۔اس واقعہ سے متوفی کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔خبر ملنے کے بعد رو رو کر سب کا برا حال ہے۔بیوی نیتو دیوی کا اتنا برا حال ہے کہ وہ کچھ نہیں بول رہی ہے۔وہ اپنے دونوں بیٹوں کو دیکھ کر ہی بیہوش ہو جاتی ہے۔مہلوک ٹیچر کی ماں شیاما دیوی کا بھی رو رو کر برا حال ہے۔جبکہ والد بھی کافی صدمے میں ہیں اور کچھ بھی نہیں بول رہے ہیں۔وہ اس فکر میں ہیں کہ خاندان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بوڑھے کندھوں پر آ گئی ہے۔متوفی کے صرف دو بیٹے ہیں۔انکیت( 14 سال) اور ہمانشو( 12 سال)۔ خاندان کی مالی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے۔متوفی خاندان کا اکلوتا کمانے والا فرد تھا۔متوفی کے والد بھی بیمار ہیں۔پنچایت کے مکھیا کیشری دیوی،سابق سربراہ کوشل کشور سنگھ اور دیگر لوگوں نے یہاں پہنچ کر متوفی کے اہل خانہ کو تسلی دی ہے۔دوسری جانب گورول بلاک کے سرکاری اسکولوں کے بچے جو کہ وقتاً فوقتاً روڈ سیفٹی کے لیے مہم چلاتے رہتے ہیں۔اس سڑک حادثے میں اپنے ایک ٹیچر کی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کی خبر ملتے ہی پورے بلاک کے اسکولوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔اپ گریڈ شدہ مڈل اسکول رسول پور کوریگاؤں، واجد پور کوئگاؤں، گرلز مڈل اسکول گورول، اپ گریڈ شدہ مڈل اسکول رکمنجری، لودی پور، راجکھنڈ، بشن پور باندے، ترکی جنوبی، پرائمری اسکول عنایت نگر، نئے بنائے گئے پرائمری اسکول سمیت دیگر اسکولوں میں تعزیتی اجلاس منعقد کرکے مہلوک کی روح کی سکون کے لئے دعا کی۔ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ رتنیش جی بہت ملنسار اور خوش مزاج استاد تھے۔ان کی موت سے پورے اساتذہ برادری کو دکھ ہوا ہے۔اس حادثے پر منا کمار، ڈپٹی چیف روہت کمار، ڈپٹی چیف کونسلر دھنمنتی دیوی، سابق بی آر پی دھرمیندر کمار،کوثر پرویز خان،اساتذہ رام نریش مہتو، رنجیت کمار، نریندر پرساد سنگھ، دلیپ کمار، نتیش کمار، سنیل کمار، اوپیندر کمار، ، محمد راحت آزاد، راجیش کمار، شوبھا کماری، ایرا کماری، نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وہیں بہار راجیہ پرارمبھک شکچھک سنگھ ویشالی کے ضلع سکریٹری پنکج کشواہا نے اس حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مہلوک ٹیچر رتنیش کمار کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن ہورہے سڑک حادثے میں اضافے کے باوجود انتظامیہ سڑک پر تیز رفتار گاڑی پر لگام لگانے میں ناکام ہے۔اسی کے سبب ہر روز کوئ نہ کوئی ہمارے بیچ سے سڑک حادثے میں جاں بحق ہو جا رہے ہیں۔ہم پولیس انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ سڑک پر تیز رفتار گاڑی والوں کو پکڑ پکڑ کر جرمانہ عائد کرے اور سڑک پر چلنے کے قانون کو اپنانے کی ضرورت پر زور ڈالے۔انہوں نے مہلوک کے اہل خانہ سے صبر و تحمل کی تلقین کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے اہل خانہ کو نوکری اور مناسب معاوضہ دینے کی کی گزارش کی ہے۔