نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) مواصلات کے وزیر اشونی وشنو نے ہفتہ کو کہا کہ انڈیا پوسٹ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ شاخوں کے ساتھ اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے عام لوگوں کی بینکنگ، انشورنس اور دیگر خدمات کے لیے انتہائی اہم ہو گیا ہے۔
یہاں پرگتی میدان میں پانچ روزہ امرتپیکس-2023 قومی ڈاک ٹکٹ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹرویشنو نے کہا کہ پچھلے آٹھ برسوں میں انڈیا پوسٹ کی طرف سے کیا گیا کام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک مکمل تبدیلی سے گزرا ہے۔ پوسٹل سسٹم کے بہت وسیع نیٹ ورک کے ذریعے محکمہ ڈاک مختلف ذرائع سے ملک کے عام لوگوں کی خدمت کر رہا ہے۔ محکمہ ڈاک کی ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ شاخوں کے ذریعے خاص طور پر دیہی ہندوستان میں حکومت کی بہت سی خدمات آسانی سے دستیاب ہو گئی ہیں۔
انہوں نے محکمہ ڈاک کے عملے سے اپیل کی کہ اپنے ہر دستیاب وسائل کے ساتھ مؤثر طریقے سے دیہی ہندوستان کے ہر گھر کی دہلیز پر ڈلیوری لیں، وہاں ڈلیوری کی بروقت فراہمی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ ہندوستانی ڈاک ٹکٹوں پر 25-30 سیکنڈ کی ریل اگلے چند دنوں میں ہر اتوار کو انسٹاگرام پر دستیاب ہوگی۔ یہ ریل انڈیا پوسٹ کے ذریعہ بچوں کو تفریح فراہم کرنے اور انہیں ہندوستانی تاریخ اور ان کی کہانی کے بارے میں ٹکٹوں کے ذریعے آگاہ کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عام لوگوں تک بھی یہ ریل ڈیجیٹل ذرائع سے نشر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ڈیجیٹل فلیٹلی ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاک ٹکٹ، ہندوستانی تاریخ اور اس کی کہانیوں کی نمائش کے ذریعہ بڑے پیمانے پر کی جائے گی تاکہ بچے ہندوستان کے ماضی کو تاریخ کی شکل میں جان سکیں۔ ساتھ ہی بچے ہندوستان کے ورثے اور اس کی شاندار روایات کے بارے میں بھی جان سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ڈیجیٹل فلیٹلی ہوگا۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ ‘ڈیجیٹل فلیٹلی’ ایک پرکشش ‘ورچوئل نمائش’ ہوگی جس کے ذریعے لوگ اس کے مواد، ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کی ہم آہنگی کی وجہ سے اس سے جڑیں گے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مواصلات کے وزیر مملکت دیو سنگھ چوہان نے فلیٹلی کی پانچ روزہ نمائش کو ہندوستانی نمائشوں کی تاریخ میں ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
محکمہ ڈاک کے سکریٹری ونیت پانڈے نے اس موقع پر کہا کہ اس نمائش کے مقاصد میں سے ایک مقصد ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے فن کو زندہ کرنا ہے، جو ٹیکنالوجی کی آمد کے ساتھ دم توڑ چکا ہے۔
قبل ازیں مسٹروشنو نے نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مسٹر چوہان، مسٹر پانڈے اور محکمہ ڈاک کے سکریٹری منجو کمار، اور دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ نمائش کا مشاہدہ بھی کیا۔
