ہندوستان سائنٹفک تحقیق کے ذریعہ روایتی طب کے فروغ کے لیے پابند عہد: سربانند سونووال

ہندوستان سائنٹفک تحقیق کے ذریعہ روایتی طب کے فروغ کے لیے پابند عہد: سربانند سونووال
روایتی طب کے تئیں حکومت نہایت سنجیدہ، مرکزی بجٹ میں آیوش کے لیے مختص فنڈمیں 20فیصد اضافہ: سربانند سونووال
سربانند سونووال نے یونانی ڈے 2023 اور یونانی طب پر بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کیا
سی سی آریو ایم کے ذریعہ تیار کردہ موبائل ایپ ’یونانی طب میں عام علاج‘کا افتتاح

نئی دہلی، 11 فروری 2023: مرکزی وزیربرائے آیوش جناب سربانند سونووال نے دنیا بھر میں روایتی طب کے میدان میں ہندوستان کی کی سبقت کا ذکر کیا اور آیوش کے شعبے میں جدید معیاروں پر سائنسی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر موصوف آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ یونانی ڈے 2023 اور یونانی طب پر بین الاقوامی کانفرنس کے باضابطہ افتتاح کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔
اس تقریب میں مرکزی وزیر برائے قانون وانصاف مسٹر کرن رجیجو، وزیر مملکت برائے آیوش ڈاکٹر منجپرا مہندر بھائی، سکریٹری، وزارت آیوش ویدھ راجیش کوٹیچہ، اسپیشل سکریٹری، وزارت آیوش مسٹر پرمود کمار پاٹھک، ایڈوائزر (یونانی)، وزارت آیوش ڈاکٹر مختار احمد قاسمی، ڈائریکٹر جنرل، سی سی آریوایم پروفیسر عاصم علی خان اور وزارت آیوش کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر برائے آیوش مسٹر سربانند سونووال نے کہا کہ ”وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہندوستان نے روایتی طب کے لیے ڈبلیو ایچ او کے عالمی مرکز کے قیام کی پیش رفت کی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھر میں روایتی طب کے میدان میں ہمیں سبقت حاصل ہے اور اس لیے ہمیں اپنی تحقیقی صلاحیتیوں اور تعلیمی سہولیات کو بہتر کرنے کی اور سائنسی تحقیق کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کی ہمہ جہت دیکھ بھال کی خاطر ایک مضبوط صحتی نظام کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم کے ٹھوس وژن کا اس بات سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ مرکزی بجٹ میں آیوش کے لیے مختص فنڈ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونانی طب کو حکومت کا غیر معمولی تعاون حاصل ہے اور 2014 کے بعد یونانی طب کے میدان میں زبردست ترقی ہوئی ہے۔ حال ہی میں غازی آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کی شکل میں یونانی طب کے سب سے بڑے ادارے کا ہمارے وزیر اعظم نے افتتاح کیا۔
اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے قانون وانصاف مسٹرکرن رجیجو نے کہا کہ یونانی طب ہندوستان کا ایک مؤثر روایتی طبی نظام ہے اور ہم نے مشاہدہ کیا کہ کووڈ -19وبا کے دوران آیوش نظام طب نے کس طرح لوگوں کوراحت فراہم کیا۔ ہمارا مؤثر روایتی طبی نظام صحتی مسائل کا پائیدار حل پیش کرسکتاہے جس سے ملک میں انسانی زندگی کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر مملکت برائے آیوش ڈاکٹر منجپرا مہندر بھائی نے عظیم مجاہد آزادی حکیم اجمل خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونانی طب بیماری کی روک تھام اور حفظان صحت کے نقطہ نظر سے صحت مند غذائی عادات واطوار کے لیے تفصیلی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
سکریٹری، وزارت آیوش ویدھ راجیش کوٹیچہ نے آیوش طبی نظام کی مقبولیت میں مزید اضافہ کے لیے این اے بی ایچ منظوری کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ وزارت آیوش کی کوشش ہے کہ 2023کے اخیر تک 12500آیوش ویلنیس سنٹر ز کو این اے بی ایچ کی ابتدائی سطح کی منظوری دلائی جائے۔
اس موقع پر سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن کی 7مطبوعات اور کانفرنس یادگاری مجلہ کی رسم اجرا ہوئی، سی سی آریوایم کے دو تحقیقی اداروں کو این اے بی ایچ سرٹیفیکٹ دی گئی، ”یونانی طب میں عام علاج“ کے نام سے سی سی آریوایم کے ذریعہ تیارکردہ موبائل ایپلی کیشن اور سی سی آریوایم کے جرنل ہپوکریٹک جرنل آف یونانی میڈیسن کی ویب سائٹ کا افتتاح ہوا۔
سی سی آریوایم نے یونانی طب پر دوروزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں قریب 1300مندوبین، ماہرین، تحقیق کاروں اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔

About awazebihar

Check Also

منی پور میں دیہات پر حملہ، 25 دہشت گرد گرفتار، سیکورٹی سخت

امپھال، 29 مئی (یو این آئی) مسلح دہشت گردوں نے پیر کو منی پور کی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *