قرآن سے رشتہ جوڑنے والوں کواللہ تعالیٰ عزت و احترام کا مقام عطا کرتا ہے: مولانا ابوبکر ہادی قاسمی 

کانپور (سیف الاسلام)  جمعیۃعلماء کانپور کے زیر اہتمام قاضی شہر الحاج حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی کی قیادت و سرپرستی میں رمضان مبارک کی قدر و منزلت اور عظمت رمضان سے عوام کو روشناس کرانے کے لئے اور رمضان میں کن باتوں سے بچنا ہے اور کن باتوں پر عمل کرنا ہے یہ باتیں لوگوں کو بتانے کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں ”استقبال رمضان“کے پندرہ روزہ پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔آج پروگرام کے کنوینر مولانا ابوبکر ہادی قاسمی کی نگرانی میں دسواں پروگرام مصلیٰ ابراہیم گوالٹولی میں زیر صدارت مولانا محمد طیب امام مصلیٰ ابراہیم گوالٹولی میں منعقد ہوا،پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے مولانا ابوبکر ہادی قاسمی نے کہا کہ جس طرح ایک کاغذ کی کوئی وقعت و قیمت نہیں ہوتی ہے لیکن اگر اس کاغذ پر قرآن کی آیات جھپی ہوں تو وہ متبرک و احترام کے قابل ہو جاتا ہے ہم نے اپنی زندگی کو قرآن سے جوڑنے کی کوشش کی تو اس کو بھی اللہ تعالی عزت و احترام کا مقام عطا کرتا ہے، جب سے دنیا بنی ہے لاکھوں انبیائے کرام دنیا میں تشریف لائے،ان میں سے کچھ رسولوں پر آسمانی صحیفے بھی نازل ہوئے لیکن ان رسولوں کے دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد ان کے ماننے والوں نے ان صحیفوں میں تبدیلیاں کر دی لیکن قرآن میں آج تک ایک حرف کی بھی تبدیلی نہیں آئی ہے کیونکہ اللہ تعالی نے قرآن کے علاوہ سبھی رسولوں کے صحیفوں کی حفاظت کی ذمہ داری نہیں لی ہے لیکن قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالی نے لی ہے اس لئے آج تک قرآن میں ایک حرف کی بھی تبدیلی نہیں آئی ہے،آج چھوٹے چھوٹے بچوں کے سینوں میں جو قرآن موجود ہے اور لاتعداد حفاظ کرام دنیا میں موجود ہیں دنیا کی کوئی بھی مذہبی کتاب کو یاد کرنے والا موجود نہیں ہے مولانا ابوبکر نے کہا کہ ایک مرتبہ انگریزوں نے اسلام کو ختم کرنے کے لئے اس وقت موجود سبھی قرآن کے نسخوں کو ڈھونڈ کر جلا ڈالا(نعوذباللہ) اس کے بعد وہ اس وقت کے ایک بزرگ عالم دین کے پاس پہنچا ا ور کہا کہ ہم نے قرآن کو ختم کردیا اب ایک بھی نسخہ نہیں بچاہے،ان بزرگ نے مکتب کے ایک بچے سے کہا کہ قرآن سناؤ تو وہ بچہ روانی کے ساتھ قرآن سنانے لگا تو انہوں نے کہا کہ قرآن کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالی نے لیا ہے تم اسے کسی بھی طرح سے مٹا نہیں سکتے۔ مولانا نے کہا کہ یہ جو چھوٹے چھوٹے مدارس اور مکاتب چل رہے ہیں وہ معمولی کام نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ مدارس مکاتب قرآن کی تعلیم دے رہے ہیں اور سیرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہم تک پہنچا رہے ہیں یہ ذریعہ ہیں دین کو ہم تک پہنچانے کا ہمیں ان مدارس و مکاتب کا تعاون کرنا چاہیے اور ان کا احترام کرنا چاہیے، مولانا نے روس کا ذکر کرتے ہوئے کہا بتایا کہ جب کمیونسٹ روس پر غالب ہوئے تو انہوں نے قرآن پر پابندی عائد کر دی لیکن وہاں کے مسلمانوں نے قبرستانوں میں چھپ چھپ کر اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم دی آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم ضرور دیں۔رمضان آنے والا ہے رمضان میں قرآن نازل ہوا،ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ رمضان میں ہم کثرت سے تلاوت کریں رمضان میں ہم سے کوئی گناہ نہ ہو، روزہ رکھیں۔ تراویح کا اہتمام کریں، نوافل کثرت سے پڑھیں، خاص طور پر غریبوں کا خیال رکھیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے تمام احکام کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے ہوئے مولانامعاذ قاسمی نے کہ بچوں کا والدین پر اور والدین کا بچوں پر حق ہے والدین کا بچوں پر حق یہ ہے کہ وہ ان کی صحیح تعلیم و تربیت کریں اور انہیں دین سکھائیں، مولانا سعد قاسمی نے کہا کہ آج موبائل کا زمانہ ہے ہمیں چاہیے کہ ہم موبائل کا صحیح استعمال کریں اور سب سے اچھا استعمال اس کا یہ ہے کہ ہم اس پر قرآن کی سورتوں کو موبائل پر بار بار سنیں اور انہیں یاد کرلیں، پروگرام کے آخر میں  مصلیٰ ابراہیم گوالٹولی کے طلباء و طالبات کو انعامات سے سرفراز کیا گیا اور انھیں روشن مستقبل کی نیک خواہشات اور دعاؤں سے نوازہ گیا۔

About awazebihar

Check Also

تلنگانہ میں ہوئی 64 فیصد ووٹنگ

حیدرآباد، 30 نومبر (یو این آئی) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ جمعرات کو کچھ اکا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *