موتیہاری: ذیشان الہی منیر
قرآن کریم کی حفاظت کے ذرائع صرف دو ہی ہو سکتے ہیں:ایک کتابت اور دوسرا اسے حفظ کرنا۔قرب قیامت میں قرآن کریم کے الفاظ اٹھالئے جائیں گے ،لیکن حفظِ قرآن کریم کی صورت میں حفاظت کا ذریعہ باقی رہے گا اور یہ آخرت بلکہ جنت تک ساتھ تک جائے گا ۔حضرت علی سے نبی اکرم کا فرمان منقول ہے کہ جس شخص نے قرآن مجید کو حفظ کیا اور اس کے حلال کو حلال اور حرام کو حرام جانا،حق سبحانہ و تعالیٰ اس کو جنت میں داخل فرمائیں گے اور اس کے گھرانے میں سے دس آدمیوں کی شفاعت قبول فرمائیں گے،جن پر جہنم واجب ہوچکی تھی ۔یہ وہ نورانی سعادت ہے کہ اس کے مد مقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں ۔متذکرہ باتیں حضرت مولانا قاری بشیر احمد جامعی نے مدرسہ عربیہ قاسم العلوم داؤد نگر رام پور کیشو شیوہر کےچھ حفاظ کی تکميل حفظ قرآن کریم کے تقریب ، جامع مسجد متعلق مدرسہ ہذا کے سنگ بنیاد موقع پر مجمع عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے مزید کہا :حافظ قرآن مجید پر رب کریم کے تعلق کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے اور اس کا اپنے مولیٰ کے ساتھ خصوصی ربط قائم ہوجاتا ہے۔قرآن مجید دنیائے انسانیت کی رہبری و سرفرازی کا اہم ذریعہ اور وسیلہ ہے۔اس موقع پر نامور عالم دین حضرت مولانا نذر المبین امام وخطیب جامع مسجد ڈھاکہ مشرقی چمپارن نے کہا : امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی قرآن کریم پر عمل کرنے میں ہے، آج عالمی سطح پر مسلمانوں کی حالت ابتر ہوچکی ہے ،ہر میدان میں مسلم قوم بچھڑتی ہوئی نظر آتی ہے ، قرآن کریم پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔مدرسہ عربیہ قاسم العلوم داؤد نگر ،رام پور کیشو ،ضلع شیوہر میں 6 خوش نصیب طلبہ کے حفظ قرآن کریم کی تکمیل کے موقع پر ایک دعائیہ مجلس ، تعلیمی و اصلاحی پروگرام کا انعقاد صبح 9بجے تا دوپہر 2:00بجے زیر صدارت استاذ الاساتذہ حضرت مولانا قاری بشیر احمد جامعی سابق صدر المدرسین جامعہ اسلامیہ قرآنیہ سمرا مغربی چمپارن منعقد ہوا۔پروگرام کا آغاز قاری محمد راغب استاد مدرسہ عربیہ قاسم العلوم داؤد نگر رام پور کیشو شیوہر کی تلاوت اور مولانا ظفر اقبال ندوی استاذ مدرسہ ہذا کی نعت النبی سے ہوا۔پروگرام کی نظامت مفتی ساجداقبال قاسمی استاد مدرسہ اسلامیہ عربیہ ڈومری شیوہر نے کی۔اس پر وقار پروگرام میں نامور علماء کرام کی شرکت ہوئی ۔جن میں سے مولانا محمد شمعون قاسمی صدر جمعیت علماء ضلع شیوہر ،مفتی محمد فخرالدین قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ مدرسہ اسلامیہ عربیہ ڈومری ضلع شیوہر ، مولانا شوکت علی ندوی امام وخطیب جامع مسجد شیوہر نے پر مغز خطاب کیا۔خطبۂ استقبالیہ و روداد مدرسہ کو مولانا محمد عالم قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ قاسم العلوم داؤد نگر رام پور کیشو شیوہر نے پیش کیا۔ اس باوقار پروگرام میں عمائدین ،سیاسی ملی سماجی حضرات ،ائمہ کرام ،علماء عظام ،دانشوران قوم و ملت اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء میں منصور عالم مکھیا،افتخار عالم مکھیا، نیازاحمد عرف موتی ،جلال الدین ،محمد غیاث الدین،محمد معصوم ،مختار عالم ،محمد عباس ،قاری وکیل احمد ،مولانا ظفراقبال ندوی ،مولانا عبد الرحیم قاسمی ، مولانا محمد اظہار الحق قاسمی ، قاری وکیل احمد، حافظ امتیاز احمد ،قاری محمد اشرف علی و دیگر اساتذہ مدرسہ ہذا کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔پروگرام کو بحسن و خوبی اختتام پذیر کرانے میں مولانا محمد عالم قاسمی ناظم مدرسہ ہذا، مولانا محمد اکرم رضا حقی نائب ناظم و دیگر اساتذہ کی خدمات باعثِ تحسین و تبریک رہی۔پروگرام کا اختتام حضرت مولانا قاری بشیر احمد جامعی کی رقت آمیز دعا پر ہوا