پٹنہ، 06 مارچ (اے بی این) وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے مرکزی حکومت پر پیٹرول کی بنیادی قیمت میں بہار جیسی ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جن ریاستوں کو امیروں کی مدد کرنی ہوتی ہے وہ پیٹرول پر اور جنہیں غریبوں کی مدد کرنی ہوتی ہے وہ ڈیزل پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کی شرح کم رکھتے ہیں۔
مسٹر چودھری نے سموار کو اسمبلی میں ایم ایل اے لکھیندر پرساد کے مختصر نوٹس کے سوال کے جواب میں کہا کہ جن ریاستوں کو امیروں کی مدد کرنی ہوتی ہے وہ پٹرول پر ویٹ کی شرح کم رکھتے ہیں۔ وہیںبہار حکومت غریبوں کی مدد کرنا چاہتی ہے، اس لیے ریاست میں ڈیزل پر ویٹ کی شرح کم رکھی گئی ہے۔ غریب پیٹرول سے زیادہ ڈیزل استعمال کرتا ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ آمدنی کیلئے بہار میں پٹرول پر ویٹ کی شرح قدرے زیادہ ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آج بھی بہار میں پٹرولیم مصنوعات پر ویٹ کی شرح کئی ترقی یافتہ ریاستوں سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں پٹرول پر ویٹ کی شرح 13 روپے فی لیٹر رکھی گئی ہے جبکہ گجرات میں یہ شرح 14.5 روپے فی لیٹر رکھی گئی ہے۔ وہیں بہار میں ڈیزل پر 12.90 روپے فی لیٹر کی شرح سے ویٹ لگایا گیا ہے۔
مرکزی حکومت پر پٹرولیم مصنوعات کی بنیادی قیمت میں بہار جیسی ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ مرکز نے گجرات کے لئے پٹرول کی بنیادی قیمت 57.06 روپے اور بہار کے لئے 63.08 روپے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر مرکزی حکومت کی طرف سے لگائی جانے والی ایکسائز ڈیوٹی میں سے صرف ایک روپیہ 40 پیسے ہی ریاست کے کھاتے میں آتے ہیں۔