نئی دہلی، 7 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کے لندن میں دیئے گئے بیان کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر لندن میں غلط طریقے سے پیش کر کے سچائی کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن سچ کو کبھی چھپایا نہیں جا سکتا۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی لیڈر مسٹر گاندھی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں اور سچ کو چھپا کر جھوٹ کا پرچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے جن الفاظ کا استعمال کیا تھا بی جے پی کے لیڈر اس کے برعکس بیان بازی کررہے ہیں۔
لوگوں کو بی جے پی کے جھوٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا ’’راہل گاندھی جی نے لندن میں ہندوستان کی جمہوریت کے بارے میں ایک بہت اہم بات رکھی۔ لیکن… ہمیشہ کی طرح بی جے پی نے اسے جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا۔ راہل کے بیان کا لفظی ترجمہ کیا گیا ہے۔ ان کی بات سنو اور سمجھو… بی جے پی کے جھوٹ سے بچو۔
اس دوران کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو لوگ تحریک آزادی کو دبانے میں غیر ملکیوں کی مدد کر رہے تھے وہ آج اس بات سے دکھی ہو رہے ہیں کہ راہل گاندھی نے انہیں باہر کے ملکوں میں آئینہ دکھایا ہے۔ اس بار ٹرمپ حکومت سن لے کہ ہندوستان کا ہر شہری بابا صاحب کے آئین کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”
