بی جے پی کی بی ٹیم کا کام چھوڑتے ہی کیجریوال جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے: کانگریس

نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ‘بی-ٹیم قرار دیتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ جس دن پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بی جے پی کے مفاد میں ووٹوں کی تقسیم کا کام بند کردیں گے اسی دن جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ترجمان الکا لامبا نے کہا کہ پورے ملک میں اے اے پی اور بی جے پی کے درمیان ملا جلا کھیل چل رہا ہے۔ مسٹر کیجریوال پورے ملک میں بی جے پی کی لائن پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہی کھیل اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور گجرات اسمبلی انتخابات میں کھیلا اور بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ووٹوں کو تقسیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال ہر الیکشن میں بی جے پی کے لیے ایک جیسا کھیل کھیلتے ہیں اور پورے ملک میں بی جے پی کے مفاد میں ووٹوں کی تقسیم کے لیے اسکی ‘بی ٹیم کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ ایسے کام کرتے رہیں گے اور بی جے پی کو فائدہ پہنچائیں گے، مسٹر کیجریوال کھلی ہوا میں ہیں۔ جس دن اس کھیل کو بند کیا اور خود کو دہلی تک محدود رکھا، اسی دن انہیں جیل جانا پڑے گا۔
ترجمان نے کہا کہ دہلی کی شراب پالیسی کا سارا بلیو پرنٹ مسٹر کیجریوال کا تھا اور یہ کام ان کے تعاون سے ہی جاری رہا۔ انہوں نے فائلوں پر خود دستخط نہیں کیے اور تمام کام ایکسائز منسٹر منیش سسوڈیا سے کروا رہے ہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ مسٹر سیسودیا زیادہ دیر خاموش نہیں رہنے والے ہیں اور وہ جلد یا بدیر سب کچھ ظاہر کر دیں گے اور مسٹر کیجریوال کو اندر جانا ہی پڑے گا۔
محترمہ لامبا نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی حکومت پوری طرح سے بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ان کے وزیر مسٹر ستیندر جین تہاڑ جیل میں بند ہیں لیکن ویڈیو میں وہ ایک نابالغ کی عصمت دری کے ملزم سے مساج کراتے ہوئے نظر آتے ہیں، انہیں جیل سے باہر کا کھانا ملتا ہے اور جیل کے وزیر کی حیثیت سے تمام سہولیات دی جاتی ہیں اب اسی پارٹی کے سرکردہ رہنما اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے گرفتار کر لیا ہے۔ جیسے ہی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر دہلی کی شراب پالیسی پر سرگرم ہوتے ہیں، اے اے پی فوراً شراب پالیسی کو واپس لینے کا کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مکمل جانچ کے بعد مسٹر سسودیا کے خلاف مضبوط ثبوت اکٹھے کئے اور اسی بنیاد پر سی بی آئی نے انہیں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ سی بی آئی مسٹر سسودیا سے پوچھ گچھ کے لیے تہاڑ جیل گئی اور انہیں آج گرفتار کیا۔ شراب گھپلے کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو بچانے کی کوئی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ معاملہ سنگین ہے معاملے کو فاسٹ ٹریک پر ڈالا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ معاملہ فاسٹ ٹریک پر چلا تو صورتحال واضح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی حکومت کی شراب پالیسی درست تھی تو اسے واپس کیوں لیا گیا۔ اگر پالیسی درست ہوتی تو اسے واپس لینے کی ضرورت نہیں پڑتی، لیکن جیسے ہی لیفٹیننٹ گورنر نے اس معاملے میں فائل اٹھائی، کیجریوال حکومت نے فوراً ہی شراب پالیسی کو واپس لے لیا۔ واضح ہے کہ انہوں نے سی بی آئی کے خوف سے یہ قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسٹر کیجریوال اور ان کی حکومت کی شراب پالیسی درست ہوتی اور اس پالیسی میں بدعنوانی کی بجائے ایمانداری ہوتی تو وہ اس معاملے کی تحقیقات ہونے دیتے اور بتاتے کہ وہ صحیح تھے اور اس میں ان کا کوئی قصور نہیں ہے۔ شراب کی پالیسی پر انہیں خدشہ تھا جس کی وجہ سے فوری طور پر شراب پالیسی واپس لینے کا اعلان کر دیا گیا۔
دہلی حکومت کی بدعنوانی کو گنتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے غیر قانونی تقرریاں کی ہیں۔ وقف بورڈ کے چیئرمین رہتے ہوئے اس کے ایم ایل اے نے گھپلے کیے ہیں اور اس معاملے میں اسی پارٹی کا ایم ایل اے جیل میں ہیں۔ دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن سواتی مالیوال کے خلاف غیر قانونی تقرری کا معاملہ ہے اور ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

 

About awazebihar

Check Also

ابھیشیک بنرجی کی مشکلات میں اضافہ ‘ تحقیقات متاثر نہ ہونے کی ہدایت

کلکتہ 29ستمبر (یواین آئی)کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کیلئے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *