جانچ ایجنسیوں کابیجااستعمال جمہوریت کیلئے خطرناک

عوامی مسائل سے دھیان ہٹانے کے لئے سی بی آئی ،ای ڈی اور آئی ٹی کوہتھیار بنایاجارہاہے :آر جے ڈی
پٹنہ (اے بی این)آر جے ڈی بہار ریاستی ترجمان شکتی یادو ،اعجاز احمد اور چترنجن گگن نے پریس کیلئے جاری مشترکہ بیان میں سی بی آئی ،ای ڈی اور آئی ٹی کے غلط استعمال کو جمہوریت کیلئے خطرناک بتایا اور کہا کہ بی جے پی 2024 کی شکست کے خوف سے یہ سب کچھ کررہی ہے۔ آر جے ڈی رہنمائوں نے کہا کہ ایک ہی معاملے میں بار بار منھ کی کھانے کے باوجود کیس کو ری اوپن کرنےاور جانچ کرانے میں بی جے پی کوشرم نہیں ارہی ہے۔ معافی مانگنے والے لوگوں نے انگریزی حکومت سے بدتر حالت ملک میں پیدا کر دی ہے۔ آر جے ڈی رہنمائوں نے کہاکہ ہولی کی چھٹی میں جب نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد اپنی حاملہ بیوی سے ملاقات کرنے گئے تو سی بی آئی وہاں بھی پہنچ گئی اس سے زیادہ بے شرمی کی بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ حد تو اس وقت ہوگئی جب تیجسوی کی بہن اور بہنوئی کے یہاں بھی سی بی آئی پہنچ گئی۔ اس سے قبل لالو پرساد اور رابڑی دیوی سے سی بی آئی پوچھ تاچھ کر چکی ہے۔ 2017 میں بھی اسی طرح سے فرضی جانچ کے بہانے سی بی آئی لالو خاندان کو پریشان کرنے کی پالیسی پر عمل کررہی تھی۔ لیکن اس وقت انہیں منھ کی کھانی پڑی تھی۔ لینڈ فار جاب معاملے میں جب کچھ بھی نہیں ملا تو ہریانہ میں فرضی مال کا سنسنی خیز معاملہ قومی سطح پر اٹھایاگیا۔ وہاں بھی منھ کی کھانی پڑی۔ اور اب سنسنی خیز معاملہ بنانے کیلئے لگاتار چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ان رہنمائوں نے کہا کہ ملک جاننا چاہتاہے کہ 80ہزار کروڑ کے معاملے جو اڈانی سے متعلق ہیں اس پر بی جے پی کے رہنما خاموش کیوں ہیں۔ یہ ایجنسیاں ان تک کیوں نہیں پہنچیں۔ اسی طرح کرناٹک کے بی جے پی رہنما کے گھر سے 8ہزار کروڑ روپئے برآمد کئے گئے لیکن اس پر بھی بی جے پی رہنما خاموش ہیں۔ ملک کو لگاتار بی جے پی کے رہنما لوٹتے اور لوٹاتے رہے۔ لیکن جب حزب مخالف نے انہیں جب آئینہ دکھایاتو سی بی آئی ،ای ڈی اور آئی ٹی کا استعمال حزب مخالف کے رہنمائوں پر شروع کر دیاجاتاہے۔آر جے ڈی رہنما نے کہا کہ بے روزگاری،مہنگائی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں مرکز کی بی جے پی حکومت ناکام رہی ہے۔ قبل میں کیاگیا سبھی وعدہ جملہ ثابت ہوا جس سے عوام میں شدید ناراضگی ہے۔ ان مسائل سے دھیان ہٹانے کے لئے اور کسی طرح دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے بی جے پی کا اسلحہ صرف سی بی آئی ،ای ڈی اور آئی ٹی جیسی مرکزی ایجنسیاں ہی رہ گئی ہیں۔ آر جے ڈی رہنمائوں نے کہاکہ یہ سلسلہ اور بھی تیز ہوگا۔کیونکہ بی جے پی یہ سمجھ چکی ہے کہ 2024 میں اسے عوام کی حمایت نہیں ملنے جارہی ہے۔آر جے ڈی اس طرح کے فرضی الزامات اور چھاپہ ماری سے گھبرانے اور میدان چھوڑنے والی پارٹی نہیں ہے۔ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں جس معاملے کو ثبوت نہیں ہونے کے سبب 2-2بار بند کر دیاگیاتھا پھر اسی معاملے کو کھولنے اور لالو پرساد کے خاندان کے لوگوں کے یہاں چھاپہ ماری کرنے کا کیا مقصد ہے۔وقت آنے پر عوام ہی اس کا جواب دیں گے۔

About awazebihar

Check Also

حج وہ افضل عمل ہے جو ماضی کے گناہوں کو ملیامیٹ کر دیتا ہے :مولاناخورشیدمدنی

پٹنہ : (پریس ریلیز) بہارریاستی حج کمیٹی کےچیئر مین الحاج عبدالحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *