پٹنہ،24؍مارچ (اے بی این)ایل جے پی (آر) کے قومی صدر چراغ پاسوان جمعہ کو پٹنہ پہنچے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد سے اہم سوال کیا۔ دراصل کچھ دنوں قبل ایوان میں تیجسوی پرساد نے کہا تھاکہ نہ مجھے وزیراعلیٰ بننا ہے اور نہ ہی نتیش کمار کو وزیراعظم بننا ہے۔ ہمیں عوام کیلئے کام کرناہے۔ اس پر چراغ پاسوان نے کہا کہ یہ تو اچھی بات ہے کہ نہ تیجسوی کو وزیراعلیٰ بننا ہے اور نہ نتیش کمار کو وزیراعظم بننا ہے تو پھر لڑائی کس بات کی ہورہی ہے۔ عظیم اتحاد میں اختلاف کی باتیں سامنے کیوں آتی ہے۔ یہ تو اپنی اپنی امیدوں کی لڑائی ہے۔ چراغ پاسوان نے کہا کہ بھلے اس بات سے عظیم اتحٓاد کے لوگ الگ ہیں لیکن ان لوگوں کے برتائو اور کارکردگی میں یہ بات کیوں نہیں دکھائی دیتی ہے۔ بار بار عظیم اتحاد کے اندر سبقت کی لڑائی دیکھنے کو ملتی ہے۔ جو وزیراعلیٰ نہیں ہے اور وہ وزیراعلیٰ بننے کی کوشش کرتے ہیں اور جو وزیراعلیٰ ہیں وہ کیسے وزیراعظم عہدہ کیلئے دعویدار بن جائیں یہ سوچتے ہیں۔ چراغ پاسوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پہلے ہی کہاتھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی نہیں ہوگی۔ کیونکہ اگر مہنگی بجلی کی خریداری ہمیں کرنی پڑرہی ہے تو ہم بہار کے باشندوں کو سستی بجلی کیسے دیں گے۔ چراغ پاسوان نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ پنجاب،راجستھان، ہریانہ اور اڑیسہ جیسی ریاستوں میں بجلی کم قیمت پر خریدی جاتی ہے اور عوام کو بھی کم قیمت پر ہی دی جاتی ہے۔ آج تک نتیش کمار نے ایسا کوئی منصوبہ نہیں لایا جس سے بہار میں بجلی کی شرح میں کمی آئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی شرح میں اضافہ کے خلاف ہم پورے بہار میں تحریک شروع کریں گے۔ چراغ پاسوان نے راہل گاندھی کے معاملے پر کہا کہ قانون اپنا کام کررہاہے۔ جمعہ کو آر جے ڈی ،کانگریس اور بایاں محاذ کے پیدل مارچ نے جے ڈی یو کے شامل نہیں ہونے پر چراغ پاسوان نے کہا کہ حزب مخالف لگاتار متحد ہونے کی بات کہتا ہے۔نتیش کمار بھی حزب مخالف کو متحد کرنے کی بات کر چکے ہیں۔ لیکن جو سامنے دکھائی دے رہا ہے اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ حزب مخالف متحد ہونےوالا نہیں ہے۔
اگر یہی حال رہا تو 2024 کے لوگ سبھا انتخاب میں وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے کوئی بھی پارٹی کھڑی نہیں رہ سکے گی۔